Sunday, September 8, 2024

فوج جنوبی کوریا سے جنگ کیلئے تیار رہے : کم جونگ ان

فوج جنوبی کوریا سے جنگ کیلئے تیار رہے : کم جونگ ان
August 22, 2015
پیانگ یانگ (ویب ڈیسک) شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا کے مطابق ملک کے رہنما کم جونگ ان نے جنوبی کوریا کے ساتھ ہونے والی سرحدی جھڑپ کے بعد اپنی فوج کو اگلے محاذ پر جنگ کےلئے تیار رہنے کا حکم دیا ہے۔ شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق کم جونگ ان نے رات گئے ایک ہنگامی اجلاس کے بعد نیم حالت جنگ کا اعلان کیا۔ کم جونگ ان نے اپنی افواج کو کسی بھی جنگی کارروائی کےلئے ہر وقت تیار رہنے کا حکم دیا ہے۔ واضح رہے کہ شمالی کوریا نے جنوبی کوریا کو پیانگ یانگ مخالف پیغامات پر مبنی نشریات بند نہ کرنے کی صورت میں فوجی کارروائی کی دھمکی دی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے بعد یہ پہلا موقع نہیں کہ شمالی کوریا کی جانب سے شدید بیان بازی کی گئی ہو۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق جب بھی دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی بڑھتی ہے تو جارحانہ لہجہ اپنایا جاتا ہے تاہم اس بار نہ صرف لہجوں میں زیادہ تلخی ہے بلکہ گولہ باری بھی کی گئی ہے۔