Monday, May 6, 2024

فوج الیکشن نہیں کرارہی،سکیورٹی خدشات کے باعث تعینات ہے،سیکرٹری الیکشن کمیشن

فوج الیکشن نہیں کرارہی،سکیورٹی خدشات کے باعث تعینات ہے،سیکرٹری الیکشن کمیشن
July 12, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز ) الیکشن کمیشن نے پاک فوج سے متعلق نوازشریف کے خدشات مسترد کردیئے ، سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے کہا کہ فوج کو قانون اور الیکشن ایکٹ کے تحت سکیورٹی خدشات کے باعث تعینات کیا گیا ہے،  بڑی سیاسی جماعتیں انتخابات میں فوج کی تعیناتی کا مطالبہ کرتی رہی ہیں۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد نے عام انتخابات کی تیاریوں پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ فوج الیکشن  نہیں کروا رہی بلکہ آئین اور الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت فوج کو سکیورٹی خدشات کے باعث تعینات کیا گیا ہے ، بڑی سیاسی جماعتیں انتخابات میں پاک فوج کی تعیناتی کا مطالبہ کرتی رہی ہیں۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پشاور میں پیش آنے والے افسوسناک واقعہ سے ثابت ہو گیا ہے کہ سکیورٹی خدشات موجود ہیں، بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ اور ترسیل کا کام جاری ہے جبکہ الیکشن کمیشن کی مانیٹرنگ ٹیمیں ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کو یقینی بنا رہی ہیں۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن کا کہنا تھا سکیورٹی اہلکاروں کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا گیا ہے جبکہ 24 جولائی تک ہر پولنگ اسٹیشن پر تمام انتخابی سامان پہنچا دیا جائے گا۔