Thursday, April 25, 2024

فواد چوہدری کا نوازشریف کی گرفتاری سے متعلق بیان عدالت کے سامنے رکھ دیا گیا

فواد چوہدری کا نوازشریف کی گرفتاری سے متعلق بیان عدالت کے سامنے رکھ دیا گیا
October 26, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) فلیگ شپ ریفرنس کیس میں وکلاء نے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی جانب سے نوازشریف کی گرفتاری اور سزا سے متعلق بیان کا معاملہ احتساب عدالت کے سامنے رکھ دیا۔ فلیگ شپ ریفرنس میں نوازشریف کی احتساب عدالت پیشی ہوئی۔ نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث کی جے آئی ٹی سربراہ واجد ضیا پر پانچویں روز بھی جرح جاری رہی۔ دوران سماعت نواز شریف کے وکیل زبیر خالد ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا  ایک وزیر نے کہا کہ نواز شریف 100 فیصد گرفتار ہوں گے، کیس کا فیصلہ آنے والا ہے، پھر انہیں کیسے الہام ہوا کہ سزا ہو گی؟۔ عدالت سے استدعا ہے کہ وزیر اطلاعات کو نوٹس کر کے طلب کیا جائے۔ اگر بیان کا نوٹس نہ لیا گیا تو عدالت کی ساکھ کو نقصان پہنچے گا۔ احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے استفسار کیا وزیر نے عمومی بات کی یا عدالت سے متعلق؟۔ قتل کے مقدمے میں ملزم کہہ رہےتھے کہ وہ بری ہوں گے۔ میں نے کہا ملزم جو مرضی کہیں فیصلہ عدالت نے کرنا ہے۔ عدالت نے نواز شریف کے وکلاء کو فواد چوہدری کے خلاف درخواست دائر کرنے کی ہدایت کر دی۔ اخبار کے تراشے کو بھی درخواست کا حصہ بنانے کی ہدایت کی اور قرار دیا کہ اگر فواد چوہدری کو نوٹس جاری کرنا پڑا تو عدالت کرے گی۔