Friday, April 26, 2024

فواد چودھری کے نواز شریف کی رپورٹس کی تحقیقات کے مطالبہ پر یاسمین راشد برا مان گئیں

فواد چودھری کے نواز شریف کی رپورٹس کی تحقیقات کے مطالبہ پر یاسمین راشد برا مان گئیں
June 2, 2020
لاہور (92 نیوز) نواز شریف کی چائے پیتے کی تصویر، بات ابھی ٹھنڈی نہیں ہوئی، تصویر لیک کے معاملے پر حکومتی وزراء آمنے سامنے آگئے۔ فواد چودھری نے نواز شریف کی پاکستان میں ہونے والی رپورٹس کی تحقیقات کا مطالبہ کیا تو پنجاب کی وزیر صحت یاسمین راشد برا مان گئیں۔ یاسمین راشد کہتی ہیں کہ فواد چودھری صاحب، آپ کو ہمارے علاج پر اعتماد ہونا چاہیے، نواز شریف کی رپورٹس پر کسی انکوائری کی ضرورت نہیں، نواز شریف کی ساری رپورٹس سرکاری لیبز سے ہوئیں، نواز شریف کی رپورٹس کو میں خود روزانہ چیک کرتی تھی، سرکاری لیبز کی رپورٹس سے نواز شریف کے مرض کی تشخیص ہوئی۔ وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے وزیراعظم کو خط لکھ کر نواز شریف کی پاکستان میں ہونے والے ٹیسٹوں کی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا، فواد چودھری نے اس خدشے کا اظہار کیا تھا کہ پاکستان میں عدالتوں سے ریلیف لینے کے لئے جعلی ٹیسٹ رپورٹس تیار کی گئیں، برطانیہ میں تصاویر صاف بتارہی ہیں کہ وہ صحت مند ہیں۔ یہی نہیں فواد چودھری نے دبے الفاظ میں صوبائی وزیر صحت اور سرکاری رپورٹ کو مشکوک قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ٹیسٹ رپورٹس میں حقائق مسخ کرکے انکے بیرون ملک جانے کی راہ ہموار کی گئی۔ فواد چودھری نے یہیں بس نہیں کیا بلکہ اپنے ٹویٹ میں واضح طور پر کہا کہ ایک مکمل سازش کے تحت نواز شریف کو جیل سے فرار کرانے کیلئے جعلی ٹیسٹ رپورٹس بنائی گئیں۔