Friday, April 19, 2024

فواد چودھری کے انٹرویو کی وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گونج

فواد چودھری کے انٹرویو کی وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گونج
June 23, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) فواد چودھری کے انٹرویو کی وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گونج سنائی دی۔ وزیر اعظم نے تمام کابینہ ممبران کو متنازعہ بیانات سے روک دیا۔ ذرائع کے مطابق اسد عمر نے فواد چودھری کے بیان کا معاملہ اٹھایا۔ فواد چودھری نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ان کا بیان سیاق وسباق سے ہٹ کر چلایا گیا۔ انہوں نے ماضی میں ہونے والی صورتحال پر بات کی تھی۔ ادھر وفاقی حکومت نے وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری کے انکشافات کو انکی ذاتی رائے اور میڈیا میں اِن رہنے کا حربہ قرار دے دیا۔ نائنٹی ٹو نیوز کے پروگرام ہو کیا رہا ہے میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا ایسا کوئی ثبوت نہیں کہ اسد عمر نے جہانگیر ترین کو نکلوایا۔ فوادچودھری کو ایسے بیانات دے کر رونق لگانے کا شوق ہے۔ سیاسی جماعتوں میں ایک دوسرے سے اختلاف ہوتا رہتا ہے۔ فیصل نے تھوڑی بات کی، تھوڑی سی بات فواد نے کی۔ وزیراعظم نے دونوں کو سمجھا دیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے بتایا وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم نے پارٹی میں اتحاد برقرار رکھنے پر زور دیا۔ سینیٹر فیصل جاوید نے 92 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا فواد چودھری نے تبصرہ کیا وہ غلط ہے۔ سیاسی جماعتوں میں اختلاف رائے ہوتا ہے مگر انہیں اس طرح باہر لانا مناسب نہیں۔