Friday, March 29, 2024

فواد چودھری دو روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے

فواد چودھری دو روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے
January 15, 2019
کراچی ( 92 نیوز) فواد چودھری دو روزہ دورہ پر کراچی پہنچ گئے ، وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات  دورہ  کراچی کے دوران اہم سیاسی ملاقاتیں کریں گے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ  وفاق سے پیسے آتے ہیں مگر سندھ میں نہیں لگ رہے ، ایک کمپنی کے ذریعے یہاں پراجیکٹ بنائے جا رہے ہیں ، جتنا پیسہ سندھ کو ملا اگر جائز خرچ ہوتا تو سندھ کے عوام کو شکوہ کرنے کی ضرورت ہی نہ ہوتی ۔

تبدیلی نا گزیر ہے

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری  کا کہنا تھاکہ  ہم انہیں حوصلہ دینے آئے ہیں لیکن تبدیلی نا گزیر ہے ، اس وقت سندھ کا کوئی والی وارث نہیں، انہوں نے سندھ پر قبضہ کیا ہوا ہے،ہم غریبوں کیلئے اقدامات کررہے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ پیپلزپارٹی خود تبدیلی لے آئے ، مراد علی شاہ استعفیٰ دے دیں ، نہیں تو ہمیں عملی اقدامات کرنا پڑیں گے ، پیپلزپارٹی کے ارکان نے ہم سے رابطہ کیااور درخواست کی کہ تبدیلی کے لئے آگے بڑھیں۔ این ایف سی ایوارڈ سے متعلق فواد چودھری  کا کہنا تھا کہ  این ایف سی ایوارڈ میں فاٹا کی ترقی کیلئے صرف سندھ اپنا حصہ نہیں ڈال رہا،سندھ نے عملی کام سے خود کو  لاتعلق  کر رکھاہے ۔ فواد چودھری نے مزید کہا کہ سندھ کے  حکمران پھونک مارتے ہیں تو عوام کا پیسہ دبئی میں  نکلتا ہے ، اومنی گروپ والے جب چراغ رگڑتے ہیں تو مراد علی شاہ سامنے حاضر ہوتے ہیں ، وزیراعلیٰ سندھ کے اپنے حلقے میں ڈاکٹر، نرسیں ، اساتذہ نہیں ہیں ۔

بلاول بچے ہیں

بلاول سے متعلق بات کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ بلاول بچے ہیں اور بچے تو غیر سیاسی ہوتے ہیں ۔ قبل ازیں کراچی پہنچنے پر  حلیم عادل شیخ اور خرم شیر زمان نے  فواد چودھری کا استقبال کیا۔