Tuesday, April 23, 2024

فواد چودھری کا نواز شریف کے پاکستان میں ہونیوالے ٹیسٹوں کی تحقیقات کا مطالبہ

فواد چودھری کا  نواز شریف کے پاکستان میں ہونیوالے ٹیسٹوں کی تحقیقات کا مطالبہ
June 1, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز ) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری  نے وزیراعظم عمران خان کو خط  لکھ کر نوازشریف کے پاکستان میں ہونیوالے ٹیسٹوں  بارے تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔

نواشریف کی برطانیہ میں فیملی کے ہمراہ تصاویر دیکھ کر وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری ایکشن میں آگیے ، العزیزیہ ریفرنس میں سزا یافتہ ملزم کے پاکستان میں ہونے والے ٹیسٹ کی رپورٹس پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کو خط تحریر کردیا جس میں  پنجاب حکومت کی جانب سے کیے گئے ٹیسٹوں کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔

فواد چودھری نے لکھا کہ نوازشریف کی برطانیہ میں سامنے آنے والی تصاویر میں انکی حالت اچھی نظر آرہی ہے، تصاویر صاف بتارہی ہیں کہ وہ صحت مند ہیں، سوال اٹھایا کہ نوازشریف برطانیہ میں اپنی ٹیسٹ رپورٹس بھی حکومت کے ساتھ شئیر نہیں کررہے، تاثر پیدا ہوتا ہے کہ برطانوی لیبارٹریز نے انکی بیماری کی تصدیق نہیں کی۔

فواد چودھری نے خدشہ ظاہر کیا کہ پاکستان میں عدالتوں سے ریلیف لینے کے لئے جعلی ٹیسٹ رپورٹس تیار کی گئیں، نوازشریف کی پاکستان میں ہونے والی ٹیسٹ رپورٹس کے بارے میں تحقیقات کی ضرورت ہے، حقائق کا منظرعام پرآنا ضروری  قرار دے دیا۔

وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے درخواست کی کہ وزیراعظم ٹیسٹوں کی تحقیقات کا حکم دیں، لگتا ہے کہ پاکستان میں حقائق مسخ کرکے بیرون ملک جانے کی راہ ہموارکی گئی ، نوازشریف کی  ٹیسٹ رپورٹس کی انکوائری کیلئے کمیٹی بنائی جائے  اورتحقیقات میں یہ سامنے آئے کہ کس کس نے نوازشریف کو فرار میں مدد کی۔