Saturday, April 27, 2024

فواد چودھری نے پیپلزپارٹی اور نون لیگ رہنماؤں کو مسخرے قرار دیدیا

فواد چودھری نے پیپلزپارٹی اور نون لیگ رہنماؤں کو مسخرے قرار دیدیا
September 7, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیر وزیر اطلاعات فواد چودھری نے پیپلزپارٹی اور نون لیگ کے رہنماؤں کو مسخرے قراردے دیا۔

منگل کے روز کابینہ اجلاس پر میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ، پیپلز پارٹی اس وقت جوکروں کے ہاتھ میں ہے، لیگی رہنماء جاوید لطیف بھی سیاسی جوکر ہیں، چاہتے ہیں کوئی ادارہ پھر سے گود لے لے۔

اُن کا کہنا تھا کہ، نون لیگ تبھی الیکشن جیت سکتی ہے جب عوام کی قسمت خراب ہو یا دھاندلی ہو، موجودہ اپوزیشن نالائق ترین، ان کی دلچسپی صرف عدالتوں سے ریلیف میں ہے۔

اُنہوں نے کہا، اسلام آباد میں غریبوں کی زمینیں ایکوائر کرکے ظلم کیا گیا، زمینوں کے حصول، پلاٹوں کی تقسیم کے معاملے پر جامع پالیسی کے لیے اسد عمر کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی۔ اداروں کو اصلاحات کے ذریعہ منافع بخش بنانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔

فواد چودھری بولے کہ، افغانستان کے حالات پر کبھی اپوزیشن نے کوئی ردعمل نہیں دیا۔ حکومتوں میں بیورو کریٹک تبدیلی بڑی بات نہیں، سیاسی تبدیلی پالیسی پر اثر انداز ہوتی ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا، کابینہ نے نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان کے حوالہ سے سکیورٹی پلان کی منظوری دے دی۔ برطانیہ کی جانب سے پاکستان کو ریڈ لسٹ میں رکھنے کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔

انہوں نے کہا، سینما انڈسٹری کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ کابینہ کی جانب سے ایکسپورٹرز کو سہولت دیتے ہوئے پورٹ چارجز میں 50 فیصد کمی کا اعلان کیا ہے۔ نادرا کو ڈیٹا ری پوزیٹری قائم کرنے کی اجازت دیدی گئی۔ پاکستان واحد ملک ہے جہاں 16 کروڑ موبائل فون نمبر فنگر پرنٹ پر ہیں۔

اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ، کابینہ کے اجلاس میں انتخابی اصلاحات پر تفصیلی بات کی گئی۔ کابینہ نے روز ویلٹ ہوٹل کے لیے فنڈز کی منظوری دے دی۔ سردار علی خان کو نیا آئی جی پنجاب  تعینات کیا  گیا ہے۔