Saturday, April 20, 2024

فواد چودھری نے پھر مراد علی شاہ سے استعفیٰ مانگ لیا

فواد چودھری نے پھر مراد علی شاہ سے استعفیٰ مانگ لیا
January 15, 2019
 کراچی (92 نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے مرادعلی شاہ سے پھر استعفیٰ مانگ لیا اور کہا وزیراعلیٰ سندھ نے استعفیٰ نہ دیا تو عملی اقدامات  کریں گے۔ وفاقی وزیر کی کراچی کی پچ پر دھواں دھار بیٹنگ جاری ہے۔ کراچی پہنچتے ہی وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ سندھ میں لوٹ مار کے ذمہ دار مراد علی شاہ ہیں۔ انہیں اومنی گروپ کا جن قرار دے دیا۔ فواد چودھری نے کہا مرادعلی شاہ اومنی گروپ کے جن ہیں، وہ چراغ رگڑتے ہیں مرادعلی شاہ حاضر ہو کر کہتے ہیں کیا حکم ہے میرے آقا۔ وفاقی وزیر نے کہا پیپلزپارٹی نے مراد علی شاہ کو نہ ہٹایا تو وفاق سندھ میں تبدیلی کے لئے عملی اقدامات کرے گا۔ وفاقی وزیر نے حکومت کے خاتمے کی باتیں کرنے والوں کو اسپغول پی کر سونے کا مشورہ دیا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف کیس چلانے پر نیب کو معافی مانگنی چاہے۔ فواد چودھری دو روزہ دورہ پر کراچی میں موجود ہیں ، وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات دورہ کراچی کے دوران اہم سیاسی ملاقاتیں بھی کریں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ وفاق سے پیسے آتے ہیں مگر سندھ میں نہیں لگ رہے ، ایک کمپنی کے ذریعے یہاں پراجیکٹ بنائے جا رہے ہیں ، جتنا پیسہ سندھ کو ملا اگر جائز خرچ ہوتا تو سندھ کے عوام کو شکوہ کرنے کی ضرورت ہی نہ ہوتی۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری کا کہنا تھا کہ اس وقت سندھ کا کوئی والی وارث نہیں ،ہم غریبوں کیلئے اقدامات کررہے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ پیپلزپارٹی خود تبدیلی لے آئے ، مراد علی شاہ استعفیٰ دے دیں ، نہیں تو ہمیں عملی اقدامات کرنا پڑیں گے۔ فواد چودھری نے مزید کہا کہ سندھ کے حکمران پھونک مارتے ہیں تو عوام کا پیسہ دبئی میں نکلتا ہے ، اومنی گروپ والے جب چراغ رگڑتے ہیں تو مراد علی شاہ سامنے حاضر ہوتے ہیں ، وزیراعلیٰ سندھ کے اپنے حلقے میں ڈاکٹر، نرسیں ، اساتذہ نہیں ہیں۔ بلاول بچے ہیں۔