Friday, April 19, 2024

فواد چودھری نے وزارت سائنس کا تیار کردہ قمری کیلنڈر اسلامی نظریاتی کونسل کو بھجوا دیا

فواد چودھری نے وزارت سائنس کا تیار کردہ قمری کیلنڈر اسلامی نظریاتی کونسل کو بھجوا دیا
May 21, 2019
 اسلام اباد (92 نیوز) فواد چودھری نے وزارت سائنس کا تیار کردہ قمری کیلنڈر اسلامی نظریاتی کونسل کو بھجوا دیا۔ نظریاتی کونسل کی رائے کے بعد کیلنڈر کابینہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ عید اور رمضان کا مسئلہ حل ہو گیا۔ اب ایک ہی دن ہو گی پورے ملک میں عید اور ایک ہی دن ہوگا رمضان المبارک شروع۔ وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے سائنس لڑا کر 2019 سے لے کر 2024 تک کا قمری کیلنڈر تیار کر لیا۔ رواں سال عیدالفطرپانچ جون جبکہ عیدالاضحیٰ بارہ اگست کو ہو گی۔ دو ہزار بیس میں یکم رمضان پچیس اپریل، عبدالفطر چوبیس مئی اور عیدالاضحیٰ اکتیس جولائی کو ہو گی۔ دوہزار اکیس میں یکم رمضان چودہ اپریل، عیدالفطر چودہ مئی اور عیدالاضحیٰ اکیس جولائی کو ہو گی۔ دو ہزار بائیس، دو ہزار تئیس اور دوہزار چوبیس کیلئے بھی قمری کیلنڈر میں تاریخیں متعین کردی گئی ہیں۔ وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے قمری کیلنڈر اسلامی نظریاتی کونسل کو بھیج دیا اور پانچ روز میں رائے طلب کر لی۔ کونسل کی رائے کے بعد قمری کیلنڈر وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز نے کہا قمری کیلنڈر موصول ہو گیا، تمام مسالک سے رائے لی جائے گی، مشاورت سے فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا رمضان المبارک میں بھی اجلاس بلانا پڑا تو بلالیں گے۔ دوسری طرف شوال کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس چار جون کو طلب کئے گئے ہیں۔