Saturday, April 20, 2024

فواد چودھری نے حنا ربانی کھر کے ہتک عزت کے اعلان پر ان کی بجلی بلوں کی تفصیلات شیئر کر دیں

فواد چودھری نے حنا ربانی کھر کے ہتک عزت کے اعلان پر ان کی بجلی بلوں کی تفصیلات شیئر کر دیں
April 9, 2019

 اسلام اباد (92 نیوز) فواد چودھری اور حنا ربانی کھر کے درمیان لفظی جنگ چھڑ گئی۔ وفاقی وزیراطلاعات  نے سابق وزیرخارجہ کو بجلی چور قرار دیا تو حنا ربانی کھر نے ہرجانے کا نوٹس بھیجنے کا اعلان کرتے ہوئے تنبیہ کرڈالی جس پر فواد چودھری  پھر میدان میں آئے اور بجلی کے بل سامنے لے آئے۔

 وفاقی وزیر اطلاعات نے پریس کانفرنس میں کہا کہ بڑے بڑے لوگ بجلی چوری میں ملوث ہیں، کارروائی ہو گی۔ حنا ربانی کھر بھی بجلی چوری کے مقدمات میں اسٹے لیے بیٹھی ہیں۔

 حنا ربانی کھر بھی فوری میدان میں آئیں اور فوادچودھری کو ہرجانے کا نوٹس بھیجنے کا اعلان کر دیا، ساتھ ہی تنبیہ بھی کی کہ سوچ کے بولا کریں۔

 فواد چودھری بھی کہاں چپ رہنے والے تھے۔ نوٹس کے اعلان کا جواب ٹویٹر پر بجلی بلوں کی تفصیلات جاری کرکے دے دیا۔ ساتھ ہی سابق وزیر خارجہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا حنا صاحبہ اپنے بجلی بلوں کی تفصیلات ملاحظہ کریں، وکیلوں پر پیسہ ضائع کرنے کی بجائے واجب الادا بلوں کی ادائیگی کریں۔