Tuesday, May 21, 2024

فواد چودھری نے اپوزیشن کو تھکے ہوئے پہلوان قرار دیدیا

فواد چودھری نے اپوزیشن کو تھکے ہوئے پہلوان قرار دیدیا
November 17, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) پارلیمان میں کامیابی کے بعد وزیراطلاعات فواد چودھری نے اپوزیشن کو تھکے ہوئے پہلوان قراردیدیا۔

میڈیا سے گفتگو میں وزیراطلاعات نے کہا پورے ایوان نے انکے منہ پرزناٹے دار تھپڑمارا ہے، اپوزیشن نے پورا زور لگا کر دیکھ لیا، آپ ہمیں نہیں نکال سکتے۔ صبح ہی بتا دیا تھا کہ بلاول اور شہباز شریف شکست خوردہ لوگ ہیں، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کی جو بنیاد رکھی تھی آج اس کی تکمیل ہوگئی۔ آج ایک بار پھر ثابت ہوگیا کہ تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے۔

فواد چودھری نے کہا عوام اور اوورسیزپاکستانیوں کو اہم قانون سازی پر مبارک باد پیش کرتا ہوں، 90 لاکھ اوورسیزپاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملے گا، پوری کوشش کی کہ انتخابی اصلاحات پر اپوزیشن سے اتفاق رائے ہوجائے، بدقسمتی سے اپوزیشن کا رویہ منفی رہا۔

اُن کا کہنا تھا کہ نوازشریف اینڈ کمپنی نے کبھی کرکٹ بھی اپنے امپائروں کے بغیر نہیں کھیلی،  مارشل لاء کی گود میں پرورش پانے والوں کی سیاست ہمیشہ دوسروں کے کندھوں پر رہی۔ جو چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کی سوچ رہے ہوں گے انہیں اپنی حیثیت کا علم ہوگیا ہوگا۔

وفاقی وزیر بولے کہ اپوزیشن اپنی حکمت عملی پر غور کرے، ہمارے ساتھ بیٹھیں اور مل کر اصلاحات کریں، ہم آج بھی مل کر چلنے کو تیار ہیں۔ خواتین اور بچوں کے لیے خصوصی عدالتیں قائم ہوں گی۔

فواد چودھری کا مزید کہنا تھا کہ ساتھ دینے پر اتحادیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، اپوزیشن اگر 223 ارکان شو کردے تو کیانی صاحب کھڑے ہیں، ان کے کھانے کا بل یہ ادا کردیں گے۔ تمام اتحادی حکومت کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔