Saturday, April 27, 2024

فواد چودھری نے الیکشن کمیشن سے معافی مانگ لی

فواد چودھری نے الیکشن کمیشن سے معافی مانگ لی
November 16, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) الیکشن کمیشن کیخلاف نازیبا زبان استعمال کرنے پر وزیر اطلاعات فواد چودھری نے معافی مانگ لی۔ تحریری معافی نامہ جمع کرانے کی ہدایت کردی، وفاقی وزیر اعظم سواتی الیکشن کمیشن کے سامنے پیش نہ ہوئے۔ 

ممبر سندھ اور بلوچستان پر مشتمل دو رکنی الیکشن کمیشن نے نازیبا کلمات اور چیف الیکشن کمشنر پر الزامات لگانے کے کیس کی سماعت کی، وزیر اطلاعات فواد چودھری ذاتی حیثیت میں پیش ہوئے جبکہ وزیر ریلوے اعظم سواتی کے وکیل پیش ہوئے۔

دوران سماعت فواد چودھری نے الیکشن کمیشن سے غیر مشروط معافی مانگتے ہوئے کہا کہ وہ خود وکیل ہیں اور حکومتی ترجمان ہیں، بہت سارے بیانات میرے ذاتی نہیں ہوتے، میں جواب کے چکروں میں نہیں پڑتا، استدعا ہے کہ معذرت قبول کرتے ہوئے نوٹس واپس لیا جائے، الیکشن کمیشن نے فواد چودھری سے تحریری معافی نامہ مانگتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ اس پر حکمنامہ جاری کرینگے۔

وزیر ریلوے اعظم سواتی کی طرف سے انکے وکیل پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ اعظم سواتی سنیٹ اجلاس کی وجہ سے آج پیش نہیں ہوسکتے، الیکشن کمیشن نے ریمارکس دئیے کہ سینیٹ کا بہانہ بنایا اور جواب جمع نہیں کرایا۔۔ الیکشن کمیشن نے اعظم سواتی کو جواب جمع کرانے کی آخری مہلت دیتے ہوئے سماعت 3 دسمبر تک ملتوی کردی۔

فواد چودھری نے کہا کہ ن لیگ نے عدلیہ کیخلاف مہم شروع کررکھی ہے، ماضی میں جب جب نواز شریف کو سپریم کورٹ نے طلب کیا تو انھوں نے عدالت عظمی پر حملہ کیا۔

فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا جو بھی بات کی، حکومت اور کابینہ کی پالیسی کے تحت کی۔