Wednesday, April 24, 2024

فنڈز نہ ملے تو پارٹی میں رہنا مشکل ہو گا ، غضنفر چھینہ

فنڈز نہ ملے تو پارٹی میں رہنا مشکل ہو گا ، غضنفر چھینہ
January 23, 2020
 لاہور (92 نیوز) پی ٹی آئی کے رکن پنجاب اسمبلی غضنفر چھینہ نے کہا فنڈز نہ ملے تو پارٹی میں رہنا مشکل ہو گا۔ پی ٹی آئی کے سپرمیسی آف پارلیمنٹ کے گروپ کی تشکیل کے معاملے پر تحفظات رکھنے والے تحریک انصاف کے ارکان نے خاموشی توڑ دی۔ گروپ کے سربراہ غضنفرعلی چھینہ کا کہنا ہے کہ فنڈز نہ ملے تو پارٹی میں رہنا مشکل ہو گا۔ گروپ کے رکن سردار شہاب الدین نے کہا کہ وزیراعظم نے جس کو وزیراعلیٰ نامزد کیا اس کی حمایت کریں گے۔ پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی کے کچھ ارکان ناراض ہوئے تو حمزہ شہباز بھی موقع سے فائدہ اٹھانے کو تیار نظر آئے، کہتے ہیں ان ہاؤس تبدیلی جمہوری حق ہے۔ ناراض ارکان کی جمعرات کو وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات طے تھی مگر سردارعثمان بزدار کے لاہور میں نہ ہونے کی وجہ سے ملاقات نہ ہو سکی۔ اس دوران وزیر اعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے پی ٹی آئی اراکین کے تحفظات کے پیش نظر ترقیاتی اسکیموں اور فنڈز کی مکمل تفصیلات منگوا لیں۔ پی ٹی آئی ارکان ترقیاتی اسکیموں کے لئے فنڈز جاری نہ ہونے پر تحفظات رکھتے ہیں۔