Sunday, September 8, 2024

فن کے سلطان کو مداحوں سے بچھڑے بیس برس بیت گئے

فن کے سلطان کو مداحوں سے بچھڑے بیس برس بیت گئے
January 9, 2016
لاہور (92نیوز) لالی وڈ پر طویل عرصے تک حکمرانی کرنے والے سلطان راہی 9 جنوری 1996ءکو گوجرانوالا میں گولی کا نشانہ بنے۔ پاکستان فلم انڈسٹری میں ان کا خلا آج تک پر نہیں ہو سکا۔ تفصیلات کے مطابق مشہور لالی وڈ اداکار سلطان راہی کی بیسویں برسی آج منائی جارہی ہے۔ آج سہ پہر ان کی رہائش گاہ پرقرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا ہے۔ سلطان راہی نے فلمی کیریئر کا آغاز 1956ءمیں فلم ”باغی“سے کیا جس میں ان کا رول کافی مختصر تھا۔ ان کی دوسری فلم ”بابل“ تھی جس میں ان کے کردار کو بہت پسند کیا گیا۔ ڈائریکٹر اسلم ڈار نے اسی کردار کی بدولت انہیں اپنی فلم ”بشیرا“ میں کاسٹ کیا۔ اس فلم میں شاندار پرفارمنس نے ان کے لئے انڈسٹری کے دروازے کھول دیے۔ سلطان راہی نے پاکستانی سینما کو نئے رجحانات سے متعارف کرایا اور پنجابی فلموں کو نئی راہ دکھائی۔ انہوں نے کچھ عرصہ کیلئے سٹیج ڈراموں میں بھی کام کیا مگر بعدازاں سٹیج کو خیرباد کہہ کر دوبارہ فلمی دنیا میں مشغول ہو گئے۔ اگرچہ انہوں نے 804 فلموں میں کام کیا لیکن 11 فروری 1979ءکو ریلیز ہونے والی ڈائریکٹر یونس ملک کی فلم ”مولا جٹ“ نے کامیابی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے۔ ڈائریکٹر حسن عسکری‘ الطاف حسین‘ مسعود بٹ‘ پرویزرانا‘ جاوید رضا‘ سیدنور‘ سنگیتا‘ بہار بیگم، معمر رانا ،سعود،شفقت چیمہ،ناصر ادیب اور مصطفے قریشی سمیت دیگر فنکاروں نے سلطان راہی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان فلم انڈسٹری میں سلطان راہی جیسا فنکار دوبارہ کبھی نہیں آئے گا جس دن ان کی موت ہوئی فلم انڈسٹری کی موت بھی اسی دن ہوگئی تھی۔