Friday, April 26, 2024

فلیگ شپ میں بریت ،العزیزیہ ریفرنس میں کم سزا دینے پر نیب نے اپیلیں دائر کردیں

فلیگ شپ میں بریت ،العزیزیہ ریفرنس میں کم سزا دینے پر نیب نے اپیلیں دائر کردیں
January 2, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز)فلیگ شپ ریفرنس میں بریت اور العزیزیہ ریفرنس  میں کم سزا ملنے پر نیب نے  اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیلیں دائر کردیں۔ نواز شریف اور نیب ٹیم ایک اور قانونی جنگ اسلام آباد ہائیکورٹ میں لڑیں گے ، نیب نے فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کی بریت کا احتساب عدالت کا فیصلہ  اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔ العزیزیہ ریفرنس میں بھی مجرم کی سزا بڑھانے کی استدعا کردی ۔نیب نے موقف اختیار کیا کہ فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کی کرپشن کے ٹھوس ثبوت پیش کیے،محض شک کا فائدہ دے کر نواز شریف کو بری کرنا خلاف قانون قرار دے دیا،عدالت نواز شریف کے خلاف شواہد پر سزا سنائے۔ دوسری اپیل میں نیب نے کہا العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کے خلاف مقدمہ ثابت کیا،کرپشن کا جرم ثابت ہونے پر نیب آرڈیننس میں سزا 14 سال قید ہے۔ مجرم کو 7 سال قید کی سزا کم ہے۔ دوسری جانب  العزیزیہ ریفرنس کو کالعدم قرار دینے کی مرکزی اپیل کا فیصلہ آنے تک مجرم نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے ضمانت مانگ لی، نوازشریف کے وکلاء نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی، تاہم رجسٹرا آفس نے درخواست کو نامکمل قرار دے پر اعتراض لگا دیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کا رجسٹرار آفس فریقین کی جانب سے دائر اپیلوں پر جمعرات کو ڈائری نمبر لگائے گا جس کے بعد اپیلیں سماعت کیلئے مقرر ہوں گی۔