Friday, March 29, 2024

فلیگ شپ ریفرنس ، نوازشریف کے پیش نہ ہونے پر احتساب عدالت برہم

فلیگ شپ ریفرنس ، نوازشریف کے پیش نہ ہونے پر احتساب عدالت برہم
October 1, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) احتساب عدالت میں فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس کی سماعت کے دوران نواز شریف اور ان کے وکیل خواجہ حارث کی عدم حاضری پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔ احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت کی۔ دوران سماعت نواز شریف اور ان کے وکیل خواجہ حارث عدالت میں پیش نہ ہوئے جس پر جج احتساب عدالت ارشد ملک نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بتادیں آپ لوگ چاہتےکیا ہیں؟ ملزم بھی نہیں ہے اور وکیل بھی نہیں۔  کیا میں سارا دن آپ کا انتظار کرتا رہوں گا۔ جج احتساب عدالت ارشد ملک نے ریمارکس دیئے ایسے تھوڑی ہوتا ہے کہ ملزم اپنی مرضی سے آئے۔ آپ کا کیس سننے کے لیے باقی کیس ملتوی کیے، مجھے بتادیں آپ لوگ چاہتےکیا ہیں؟۔ آرڈر لکھوا دیتا ہوں، آپ لوگ پھر چیلنج کرتے رہنا۔ جج ارشد ملک نے کہا کہ اگر نوازشریف پیش نہ ہوئے تو وارنٹ جاری کردیں گے۔ معاون وکیل کی جانب سے احتساب عدالت کو بتایا گیا کہ فلیگ شپ انویسٹمنٹ اور العزیزیہ ریفرنس کی الگ الگ تاریخوں کی وجہ سے غلط فہمی ہوئی جس کی وجہ سے نواز شریف عدالت میں پیش نہیں ہوسکے۔ اگر عدالت وقت دے تو نواز شریف 2 سے 3 گھنٹے میں پیش ہو جائیں گے۔ عدالت نے فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس کی سماعت 4 اکتوبر تک کے لیے ملتوی کر دی۔