Friday, April 26, 2024

فلیگ شپ ریفرنس میں بھی نیب پراسیکیوٹر کے حتمی دلائل مکمل

فلیگ شپ ریفرنس میں بھی نیب پراسیکیوٹر کے حتمی دلائل مکمل
December 18, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) فلیگ شپ ریفرنس میں بھی نیب پراسیکیوٹر کے حتمی دلائل مکمل ہو گئے۔ خواجہ حارث کل جواب الجواب دیں گے۔ فلیگ شپ ریفرنس میں ملزم نوازشریف عدالت میں پیش ہوئے۔ نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر نے جے آئی ٹی رپورٹ سے متعلق العزیزیہ ریفرنس والے حتمی دلائل اپنا لیے اور کہا فلیگ شپ سے نواز شریف کو سات لاکھ اسی ہزار درہم کے مالی فوائد پہنچے۔ یہ ایک تسلیم شدہ حقیقت ہے۔ ہمارا کیس یہ ہے کہ نواز شریف کے بیٹوں نے بے نامی کے طور پر جائیدادیں بنائیں۔ اس کے بعد پراسیکیوٹر ملک اصغر نے حمتی دلائل کا آغاز کیا۔ پراسیکیوٹر ملک اصغر نے عدالت کو بتایا اس کیس میں دستاویزات ملزمان کے پاس تھیں اور وہی دے سکتے ہیں۔ قطری شہزادے کا خط بھی آیا۔ ملزمان کی طرف سے دی گئیں تمام دستاویزات اور موقف جائیداد کو درست ثابت نہیں کرتے۔ ملزمان جائیداد کے ذرائع بتانے میں ناکام رہے تو سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی کے ذریعے ایک اور موقع دیا لیکن وہاں بھی ملزمان کچھ نہ بتا سکے۔ جج ارشد ملک نے ریمارکس دیئے کہ یعنی بات مے فیئر سے فیئر تک پہنچ گئی۔ اس پر کمرہ عدالت قہقہوں سے گونج اٹھا۔ دوران سماعت جج ارشد ملک نے لطیفہ بھی سنایا اور کہا کسی گاؤں میں چوری ہوئی تو پولیس نے اس علاقے کے عادی چور کو پکڑ لیا اور خوب مارا۔ چور نے پوچھا بتاؤ تو سہی کہ مجھے کیوں مار رہے ہو تو پولیس والے نے کہا یہ تجھے پتہ ہے تم نے بتانا ہے۔ بدھ کو خواجہ حارث جواب الجواب دیں گے۔