Friday, May 17, 2024

فلیگ شپ ریفرنس میں بھی ملزم نواز شریف نے دفاع پیش نہ کیا

فلیگ شپ ریفرنس میں بھی ملزم نواز شریف نے دفاع پیش نہ کیا
December 6, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) العزیزیہ اور ایون فیلڈ کے بعد فلیگ شپ ریفرنس میں بھی ملزم نوازشریف نے دفاع پیش نہ کیا۔ نوازشریف نے تحریری بیان ریکارڈ کراتے ہوئے کہا سیاست میں میرے خاندان اور کاروبار کو نشانہ بنایا گیا۔ کسی قسم کے کاروبار سے کوئی تعلق نہیں۔ دوسری طرف العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کے حتمی دلائل مکمل نہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا نواز شریف کا پہلے دن سے ایک ہی موقف ہے کہ انکا ان جائیدادوں سے کوئی تعلق نہیں۔ وکیل نوازشریف کا کہنا تھا کہ حمد بن جاسم کا موقف سامنے آ جانے کے بعد قطری خطوط کو محض افسانہ کہنا ٹھیک نہیں۔ جے آئی ٹی کو لکھنا چاہیے تھا کہ آپ نے اپنے خطوط کی تصدیق تو کر دی لیکن ہم چاہتے ہیں کہ آپ ذاتی طور پر آئیں۔ جے آئی ٹی کا جوابی خط مروجہ اخلاقی روایات کے مطابق نہیں تھا۔ حمد بن جاسم کو سوالنامہ بھیج دینے میں کیا قباحت تھی۔ قطری کے خطوط سے کہیں نہیں لگتا کہ وہ بیان دینے کے لیے تیار نہیں تھے۔ خواجہ حارث نے کہا قطری کے سامنے حسین نواز کی تصویر لیک ہونے کا معاملہ بھی تھا۔ قطری نے سوچا ہو گا وہ ایسی جگہ کیوں جائیں جہاں ایسے واقعات ہوتے ہیں۔ نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث کے دلائل شام گئے تک مکمل نہ ہو سکے اور عدالت نے مزید سماعت کل صبح تک ملتوی کر دی۔