Friday, March 29, 2024

فلک بوس پہاڑوں، گھنے جنگلات کی سرزمین وادی سوات اپنی مثال آپ ہے

فلک بوس پہاڑوں، گھنے جنگلات کی سرزمین وادی سوات اپنی مثال آپ ہے
August 31, 2018
سوات (92 نیوز) فلک بوس پہاڑوں،گھنے جنگلات اور سحر انگیز آبشاروں کی سرزمین وادی سوات اپنی مثال آپ ہے مگر شینگرئی آبشار اپنے دلفریب حسن کے سبب سیاحوں کو اپنی طرف کھینچ لاتی ہے۔ وادی سوات میں جہاں بھی نظر دوڑائیں  انسان خوبصورتی ہی خوبصورتی دیکھ کر پلکیں جھپکنا ہی بھول جاتا ہے۔ جنت نظیر وادی سوات اپنے فطری حسن کی وجہ سے دنیابھر کے سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہے۔ انسان کو اپنے حسن میں جکڑنے والی  شینگرئی آبشار حسین مناظر کو اپنی آغوش میں لئے سیاحوں کی چشم حیراں کی منتظر رہتی ہے۔ شینگرئی آبشار مینگورہ شہر سے تقریبا 20 کلومیٹر کے فاصلے پر پہاڑوں کے دامن میں واقع  ہے ۔ شینگرئی آبشار وادی سوات کے نگینوں میں سے ایک نگینہ ہے۔ آبشار کو دیکھنے کے لئے ملک بھر سے سیاح وادی کا رخ کرتے ہیں اور یہاں کے قدرتی حسن سے خوب لطف اٹھاتے ہیں۔ رباب کی دھنیں وادی کے حسین نظاروں کو مزید سحر انگیز بنادیتی ہیں۔ شینگرئی آبشار تک جانیوالی سڑک انتہائی خستہ حال ہے جس کے سبب سیاحوں کو آنے جانے میں مشکلات پیش آتی ہیں۔ شینگرئی آبشار چاروں جانب سے پہاڑوں میں گھری ہے ۔ 70 فٹ کی اونچائی سے نیچے گرتا پانی دور دور تک پھوار کی شکل میں اڑتا رہتا ہے۔