Friday, April 26, 2024

فلڈ کمیشن نے اپنی دس سالہ تیاری کے حوالے سےبنائی گئی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی

فلڈ کمیشن نے اپنی دس سالہ تیاری کے حوالے سےبنائی گئی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی
July 9, 2015
اسلام آباد(92نیوز)قومی فلڈ کمیشن نے سپریم کورٹ میں 10 سالہ تیاری کے حوالے سے بنائی جانے والی رپورٹ پیش کردی ،جسٹس ثاقب نثار نے کہا جب تک 10 سالہ پروگرام پر عمل ہوگا تب تک تو سیلاب آکر بھی گزر جائے گا۔ عدالت نے وزارت پانی و بجلی کی سیلاب کمیٹی کو قومی فلڈ کمیشن میں ضم کرنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے  مطابق جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے فلڈ کمیشن رپورٹ پر عدم عملدرآمد کیس کی سماعت کی، ڈپٹی اٹارنی جنرل سہیل محمود نے عدالت کو بتایا کہ وفاق نے ایک کمیٹی قائم کی ہے جس میں تمام متعلقہ اداروں کے اعلی افسران شامل ہیں، جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ کیس کی سماعت سے ایک دن قبل اجلاس بلانا دکھاوا ہے، یہ کام تو پہلے ہوجانا چاہیئے تھا، مون سون شروع ہو چکا ہے کسی بھی وقت کوئی بد قسمت واقعہ ہوسکتا ہے۔ آفت آنے سے پہلے حکومتی مشینری کو تیار رہنا چاہیے۔ جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ اس سلسلے میں فلڈ کمیشن کی کمیٹی قائم ہے تو وفاق کی کمیٹی کی کیا ضرورت تھی ۔ عدالت نے وزارت پانی و بجلی کے تحت قائم کمیٹی کے نوٹی فیکشن کو معطل کرنے اور کمیٹی کے ارکان کو قومی فلڈ کمیشن میں ضم کرنے کے احکامات جاری کردیئے جبکہ ماروی میمن کو اس کمیٹی میں کورٹ کا نمائدہ مقرر کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔