Thursday, May 9, 2024

فلپائنی صحافی ماریہ ریسا اور روسی صحافی دمتری مراتوف نوبل امن انعام 2021 کے حقدار قرار پائے

فلپائنی صحافی ماریہ ریسا اور روسی صحافی دمتری مراتوف نوبل امن انعام 2021 کے حقدار قرار پائے
October 8, 2021 ویب ڈیسک

اوسلو (92 نیوز) فلپائنی صحافی ماریہ ریسا اور روسی صحافی دمتری مراتوف نوبل امن انعام2021 کے حقدار قرار پائے، امن انعام دونوں کو اپنے اپنے ممالک میں آزادی اظہار کے تحفظ کی کوششوں کے لیے دیا گیا۔

نئی تاریخ رقم ہوگئی، نوبل امن انعام پہلی بار دو صحافیوں کے نام رہا۔ ناروے کی نوبل کمیٹی نے فلپائن کی خاتون صحافی ماریا ریسا اور روس کے صحافی دمتری موراتوف کو آزادی صحافت کے لیے غیرمعمولی خدمات پر 2021 کے نوبل انعام کا مشترکہ حقدار قرار دیا۔

نوبل امن انعام کیلئے 234 افراد اور 95 تنظیمیں شامل تھیں۔ نوبل کمیٹی کے اعلامیہ کے مطابق جمہوریت اور پائیدار امن کے لیے آزادی اظہار بنیادی اہمیت رکھتی ہے، ان دونوں صحافیوں نے آزادی اظہار کے تحفظ میں گراں قدر کوششیں کی ہیں۔

ماریا ریسا کا شمار جنوب مشرقی ایشیا کی مشہور ترین صحافیوں میں ہوتا ہے جو ایک طویل عرصے تک سی این این سے بھی وابستہ رہی ہیں۔ وہ نوبل انعام حاصل کرنے والی پہلی فلپائنی بھی ہیں۔

دمتری آندرے وچ موراتوف 1995 سے 2017 تک روسی اخبار نوفایا گزیٹا کے چیف ایڈیٹر رہے ۔ موراتوف کی ادارت میں اس اخبار نے حساس موضوعات بالخصوص روسی حکام کی بدعنوانی کے خلاف سخت تنقیدکرکے نہ صرف روس بلکہ پوری مغربی دنیا میں شہرت حاصل کی۔

رواں برس ادب کا نوبل انعام تنزانیہ کے ادیب عبدالرزاق گرناہ ۔کیمسٹری کا نوبل انعام جرمنی کے بینجمن لسٹ اور برطانیہ کے ڈیوڈ ڈبلیو سی میک ملن کو ملا جبکہ فزکس کا مشترکہ نوبل انعام جرمنی، جاپان اور اٹلی کے 3 سائنسدانوں کو پیچیدہ جسمانی نظام سمجھنے میں خدمات انجام دینے پر دیا گیا۔