Thursday, April 25, 2024

فلپائن سے ٹکرا کر سمندی طوفان کاموری کا زور ٹوٹنے لگا

فلپائن سے ٹکرا کر سمندی طوفان کاموری کا زور ٹوٹنے لگا
December 4, 2019
فلپائن ( 92 نیوز)  فلپائن  سے ٹکرانے والے سمندری طوفان کاموری کا زور ٹوٹنے لگا ، مختلف حادثات میں چار افراد ہلاک ہوچکے ہیں ، امریکا میں شدید سردی نے معمولات زندگی منجمد کرڈالے، آسٹریلوی ریاست نیوساؤتھ ویلز میں گرمی اور سردی ایک ساتھ رنگ دکھانے لگی ، سپین کے جزیرے مالورکا میں طوفانی بارشوں کی وارننگ جاری کردی گئی۔ فلپائن  سے ٹکرانے والے طوفان کاموری کا زور ٹوٹنے لگا ہے ، قدرتی آفت نے سب سے زیادہ متاثر جزیرہ لزون کو کیا ، جہاں تیز ہواؤں اور بارش نے ہر شے کو تہس نہس کرڈالا، گھروں کی چھتیں اڑ گئیں اور درخت جڑوں سے اکھڑ گئے ، مختلف واقعات میں ہلاکتوں کی تعداد چار ہوچکی ہے۔ امریکا میں سرد طوفان نے معمولات زندگی منجمد کرڈالے ہیں ، ریاست منی سوٹا اور میساچوسٹس میں برف کے ڈھیر لگ چکے ہیں ، خراب موسم کی وجہ سے زمینی اور فضائی سفر شدید متاثر ہورہا ہے۔ آسٹریلیا  کی ریاست نیوساؤتھ ویلز میں جہاں ایک جانب خشک سالی اور گرمی کی وجہ سے جنگلات میں آگ بھڑک رہی ہے ، وہیں جنوبی پہاڑی سلسلے میں شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے، یہاں ہر شے برف کی سفید چادر میں چھپ چکی ہے۔ سپین کے جزیرے مالورکا کے شہر پالما میں طوفانی بارش کا سلسلہ جاری ہے، اس دوران بجلی گرنے کے بھی متعدد واقعات پیش آئے ہیں، حکام نے موسم کی اورنج وارننگ جاری کردی ہے۔ طوفانی بارشوں کا سلسلہ مزید دو روز جاری رہے گا۔