Thursday, September 19, 2024

فلوریڈا ، سکول میں فائرنگ واقعے کیخلاف عوام کا احتجاجی مارچ

فلوریڈا ، سکول میں فائرنگ واقعے کیخلاف عوام کا احتجاجی مارچ
February 18, 2018

فلوریڈا  (  92 نیو ز) امریکی ریاست فلوریڈا کے اسکول میں فائرنگ واقعے کیخلاف احتجاجی مارچ کیا گیا ۔ شرکا نے ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف نعرے بازی کرتے ہوئے اسلحے سے متعلق قوانین سخت کرنے کا مطالبہ کردیا۔ ادھر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ایف بی آئی کی کارکردگی پر سوالیہ نشانات اٹھا دئیے ۔

امریکی ریاست فلوریڈا کے  شہر  پارک لینڈ کے اسکول میں فائرنگ سے 17 افراد کی ہلاکت کا واقعے پر ہر آنکھ  اب بھی اشکبار اور غصے سے بھری ہوئی ہے ۔

واقعے کیخلاف فورٹ لاڈرڈیل میں احتجاجی مارچ کیا گیا  جس میں  طلبا کے علاوہ ہزاروں افراد  شریک ہوئے ،اس موقع پر شرکا نے ٹرمپ سمیت این آر اے گن لابی کی حمایت کرنے والے سیاستدانوں کیخلاف  شرم کرو کے نعرے لگائے ۔

مقررین نے ٹرمپ کے اُس دعوے کو بھی مسترد کردیا جس میں انہوں نے  واقعے کا ذمہ دار  اسلحہ قوانین کے بجائے ذہنی بیماری کو قرار دیا تھا۔

دوسری جانب ڈونلڈ  ٹرمپ نے  ٹویٹ کے ذریعے  تحقیقاتی ادارے  ایف بی آئی  کو آڑے ہاتھوں لیا ۔امریکی صدر کا کہنا تھا کہ انہیں دکھ ہے کہ ایف بی آئی نے حملہ آور  کے بارے میں معلومات کھودیں ۔

ٹرمپ نے کہا کہ ایف بی آئی کی غفلت ناقابل قبول ہے اور وہ اپنا تمام وقت  امریکی انتخابات میں روسی مداخلت   ثابت کرنے پر ضائع کررہی ہے ۔

چند روز قبل 19 سالہ نکولس کروز نے فائرنگ کرکے  طلبا سمیت 17 افراد کو  موت کے گھاٹ اتار دیا تھا  ، جس کے بعد امریکا میں اسلحہ قوانین پر نئی بحث چھڑ گئی ہے ۔