Sunday, April 28, 2024

فلورملز مالکان نے 20 کلو آٹے کا تھیلا 200 روپے تک مہنگا کردیا

فلورملز مالکان نے 20 کلو آٹے کا تھیلا 200 روپے تک مہنگا کردیا
June 4, 2020
لاہور (92 نیوز) فلورملز مالکان نے عوام پر فلوربم گرادیا۔ 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمتوں میں سو سے دو سو روپے اضافہ کردیا گیا۔ آٹے کا 20 کلو کا تھیلہ 1100 سے 1200 روپے میں فروخت ہونے لگا۔ شہریوں نے حکومت سے آٹے کی قیمت کنٹرول کرنے کا مطالبہ کردیا۔ گوجرانوالہ شہر میں 20 کلو کا آٹے کا تھیلہ 925 کے بجائے 1000 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ فلور ملز نے 120 روپے کا اضافہ کیا تو دکانداروں نے شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شروع کردیا۔ بیشتر دکاندار بیس کلو کا تھیلا ایک ہزار روپے میں فروخت کرنے لگے، ضلعی انتظامیہ آٹے کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہوگئی۔ فیصل آباد میں فلور ملز کو سرکاری گندم کی فراہمی بند ہونے سے پھر آٹا بحران پیدا ہوگیا، فلور ملز اور چکی مالکان اوپن مارکیٹ سے گندم 1750 روپے من خریدنے پر مجبور ہو گئے۔ 10 کلو آٹے کا تھیلا 600 اور 20 کلو کا تھیلا 1200 روپے میں فروخت ہونے لگا۔ چکی مالکان کھلا آٹا مقررہ قیمت 45 روپے کے بجائے 70 روپے کلو بیچ رہے ہیں۔ فلور ملز مالکان نے 8 جون سے ڈویژن بھر میں آٹا بحران کا عندیہ دے دیا، ملز مالکان کا کہنا ہے کہ محکمہ خوراک فلور ملز کو کوٹے کی گندم فراہم نہیں کر رہی، آٹا بحران پیدا ہوا تو ذمہ داری انتظامیہ پر ہوگی۔ ادھر آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کے حوالے سے مسلم لیگ ن رہنماء رابعہ فاروقی نے تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی۔ متن کے مطابق آٹے کی قیمت کا اوپن مارکیٹ سے تعین ہونے سے ہر ضلع کا اپنا نرخ ہوگیا، ذخیرہ اندوزی آرڈیننس کے باوجود گندم کا نرخ مستحکم نہ کیا جاسکا، محکمہ خوراک نے ناقص پالیسی چھپانے کیلئے فلورملز کو مورد الزام ٹھہرانا شروع کردیا۔ 9 ڈویڑنل منڈیوں میں آڑھتیوں کے پاس لاکھوں ٹن گندم موجود ہے، اوپن مارکیٹ میں گندم ریٹ کوقابو کرنا محکمہ کی ذمہ داری ہے۔ دوسری جانب کراچی میں ایک ماہ کے دوران چکی کا آٹا 5 روپے کلو مہنگا ہوگیا۔ ریٹیل مارکیٹ میں چکی کا آٹا 65 روپے کلو کی سطح پر آگیا اوپن مارکیٹ میں گندم 44 روپے کلو کی سطح پر آگئی۔ ایک ماہ میں گندم 9روپے کلو مہنگی ہوچکی ہے۔ گندم مہنگی ہونے کی وجہ سے آٹا مہنگا ہوا، فلار ملرز نے بھی آٹے کی قیمت میں اضافہ کردیا۔ ایک ماہ کے دوران آٹے کی ایکس مل قیمت 3روپے کا اضافہ ہوگیا۔