Friday, March 29, 2024

فلمسٹار لکی علی کا فراڈ ہاؤسنگ سوسائٹیوں سے عوام کو چونا لگانے کا اعتراف

فلمسٹار لکی علی کا فراڈ ہاؤسنگ سوسائٹیوں سے عوام کو چونا لگانے کا اعتراف
June 19, 2020
راولپنڈی (92 نیوز) ہاؤسنگ فراڈ میں نیب راولپنڈی کی سب سے بڑی ریکوری ہو گئی۔ فلمسٹار لکی علی نے فراڈ ہاؤسنگ سوسائٹیوں سے عوام کو چونا لگانے کا اعتراف کر لیا۔ ہاؤسنگ سوسائٹی کے نام پر عوام سے فراڈ کے کیس میں نیب راولپنڈی نے لوٹے گئے 1 ارب 95 کروڑ روپے برآمد کر لیے۔ نیب پراسیکیوٹر نے احتساب عدالت میں درخواست پیش کی۔ موقف اپنایا کہ ملزم میاں وسیم عرف لکی علی کو بتا دیا گیا ہے کہ موجودہ پلی بارگین کا اطلاق مستقبل میں سامنے آنے والے فراڈ پر نہیں ہو گا۔ ملزم نے ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں پلاٹس دینے کے نام پر عوام سے بڑے پیمانے پر فراڈ کیا۔ ملزم نے چئیرمین نیب کے نام ایک ارب پچانوے کروڑ کے پے آرڈرز جمع کرا دیئے ہیں جس پر جج محمد بشیر نے پلی بارگین کی درخواست منظور کر لی۔ دوسری جانب نیب اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملزم میاں وسیم عرف لکی علی نے دوران تفتیش اعتراف جرم کیا اور تفتیشی افسر سیماب قیصر کے سامنے پلی بارگین پر رضامندی ظاہر کی۔ ملزم نے میڈیا پرغیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی کی تشہیر کی۔ نیب راولپنڈی کے مطابق ہاؤسنگ سوسائٹی کی انتظامیہ نے پلی بارگین کے لیے درخواست دائرکی تھی۔ رقم نیشنل ہائوس بلڈنگ روڈز ڈویلپمنٹ کارپوریشن سے برآمد کی گئی ۔ برآمد رقم متاثرین کو اسکروٹنی کے بعد واپس کی جائے گی۔ ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان منگی نے تاریخی ریکوری پر تفتیشی افسر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ نیب کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی  پر عمل پیرا ہے۔