Friday, April 26, 2024

فلم ”مالک“ پر پابندی نہیں لگائی‘ پنجاب حکومت نے عدالت میں جواب جمع کرا دیا

فلم ”مالک“ پر پابندی نہیں لگائی‘ پنجاب حکومت نے عدالت میں جواب جمع کرا دیا
June 2, 2016
لاہور (92نیوز) پنجاب حکومت نے لاہور ہائیکورٹ کو آگاہ کیا ہے کہ صوبائی حکومت نے پاکستانی فلم ”مالک“ کی نمائش پر کوئی پابندی نہیں لگائی جس پر عدالت نے وفاقی حکومت سے جواب طلب کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید اور مقامی شہری منیراحمد کی ایک ہی نوعیت کی الگ الگ درخواستوں پر سماعت شروع کی تو پنجاب حکومت کی وکیل اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل سمیعہ خالد نے عدالت کے روبرو تحریری جواب پیش کیا اور بتایا کہ پنجاب حکومت نے فلم کی نمائش پر کوئی پابندی نہیں لگائی۔ ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت کے تحریری جواب کے بعد وفاقی حکومت کے وکیل کو طلب کرلیا۔ اس سے پہلے کارروائی کے دوران درخواست گزار کے وکلا اظہر صدیق اور شیراز ذکا نے قانونی نکتہ اٹھایا کہ اٹھارہویں ترمیم کی منظوری کے بعد وفاقی حکومت کو فلموں کی نمائش پر پابندی لگانے کا کوئی قانونی اختیار حاصل نہیں ہے۔