Sunday, September 8, 2024

فلم انڈسٹری پر زوال کے بعد کاروبارتباہ ہو گیا: سینمامالکان

فلم انڈسٹری پر زوال کے بعد کاروبارتباہ ہو گیا: سینمامالکان
August 10, 2015
لاہور (92نیوز) پاکستانی فلموں کے عروج میں جن سینماوں میں محمد علی، زیبا،ندیم، رانی اور سلطان راہی جیسے اداکاروں کے ڈائیلاگ گونجتے تھے آج وہ سینما انڈسٹری نہ صرف تیزی سے زوال کی طرف گامزن ہے بلکہ سینماوں کو ختم کرکے وہاں پلازے یا دوسری عمارتیں بھی بنائی جا رہی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی فلموں کی بحالی کا آغاز ہو چکا ہے، یہ دعویٰ اپنی جگہ تاہم سینما انڈسٹری کے حالات کچھ اور ہی داستان سنا رہے ہیں۔ میکلوڈروڈ پر واقع لکشمی چوک جو کبھی سینما انڈسٹری کا گڑھ جانا جاتا تھاوہاں نغمہ سینما شوروم ، مبارک سینما شادی ہال رٹز اور وینس سی این جی اسٹیشنوں میں تبدیل ہو چکے ہیں۔ رتن سینما اور ایمپائرسینماوں کوکئی برسوں سے تالے لگے ہوئے ہیں اور اب وہ بھوت بنگلے کا منظر پیش کررہے ہیں جبکہ کچھ سینماوں کو گرانے کا کام جاری ہے۔ سینما مالکان کا کہنا ہے کہ فلم انڈسٹری پر زوال کے بعد ان کا کاروبار بھی تباہ ہو کر رہ گیا ہے۔ اب وہ سینما گھروں کو دوسری عمارتوں میں تبدیل کرنے پر مجبور ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق پنجاب بھر میں چھے سو پچاس سینما گھر تھے جن میں سے اب صرف نوے باقی بچے ہیں اور ان میں سے بھی کچھ اپنی شناخت ہمیشہ کے لیے کھونے والے ہیں۔