Sunday, May 19, 2024

فلسطینیوں کے قتل عام پر ترکی نے امریکہ اور اسرائیل سے اپنے سفارتکار واپس بلا لئے

فلسطینیوں کے قتل عام پر ترکی نے امریکہ اور اسرائیل سے اپنے سفارتکار واپس بلا لئے
May 15, 2018
استنبول ( 92 نیوز ) نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کی بربریت کیخلاف پوری دنیا سراپا احتجاج ہے ، ترکی نے او آئی سی کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کردیا۔ امریکا اور اسرائیل سے اپنے سفارتکار بھی واپس بلا لئے ، کویت کی درخواست پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس آئندہ 24 گھنٹے میں متوقع ہے  ،دوسری جانب فلسطینی شہدا کی تعداد 59 ہو گئی۔ امریکی سفارتخانے کی مقبوضہ بیت المقدس منتقلی کے بعد فلسطین میں صورتحال تا حال کشیدہ ہے۔غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے شہادتوں کی تعداد میں اضافے کے خدشات ہیں۔اسرائیلی فوج کے بدترین تشدد سے 2700 سے زائد فلسطینی زخمی ہوئے جبکہ شہیدوں کی تدفین جاری ہے۔ مقبوضہ بیت المقدس میں امریکی سفارتخانے کے افتتاح کے موقع پر اسرائیلی فوج نے غزہ میں مظاہرین پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا ،فلسطینی وزارت صحت کے مطابق نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والوں میں 74 بچے، 23خواتین اور 8 صحافی بھی شامل ہیں،جبکہ اسرائیلی فوج نے غزہ اور مغربی کنارے کی سرحد پر مزید فوجی تعینات کردئیے ہیں۔ دوسری طرف آزاد فلسطینی ریاست کے حصول کیلئے اپنی آواز بلند کرنے والے فلسطینی نئے مظاہروں کی تیاریاں کر رہے ہیں ،اسرائیلی فوج کے وحشیانہ اقدام پر دنیا بھر میں احتجاج اور مذمت کا سلسلہ جاری ہے۔فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا امریکی انتظامیہ نے امن کے عمل میں اپنا کردار منسوخ کر دیا۔ مشرق وسطیٰ میں مزید تباہی پھیلے گی ،فرانس کے صدر امانوئل میکخواں نے اسرائیلی فوج کی جارحیت کی مذمت کی۔اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے نے بربریت کو انسانیت کیخلاف ظلم قرار دیا۔ترکی نے امریکہ اور اسرائیل پر جارحیت کا مشترکہ الزام عائد کیا اور دونوں ملکوں سے اپنے سفیر واپس بلانے کا اعلان کیا۔ جنوبی افریقہ نے بھی اسرائیل سے اپنے سفیر کو واپس بلانے کا اعلان کیا جبکہ انسانی حقوق کی تنظیموں ایمنیسٹی انٹرنیشنل اور ہیومن رائیٹس واچ نے بھی اسرائیل فوج کی جانب سے طاقت سے استعمال کی مذمت کی ہے۔