Wednesday, May 8, 2024

فلسطین کے تحفظ کیلیے بین الاقوامی فورس قائم کی جائے،او آئی سی

فلسطین کے تحفظ کیلیے بین الاقوامی فورس قائم کی جائے،او آئی سی
May 19, 2018
استنبول (92 نیوز) اسلامی ممالک کی عالمی تنظیم او آئی سی نے فلسطین کے تحفظ کیلیے بین الاقوامی فورس کے قیام کا مطالبہ کر دیا۔ غزہ کی صورتحال پر ترک صدر طیب اردگان کی طرف سے بلایا گیا او آئی سی کا ہنگامی اجلاس استنبول میں ہوا۔ اجلاس میں رہنماؤں نے فلسطین میں اسرائیلی بربریت کی شدید مذمت کی اور اقوام متحدہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ فلسطین کے تحفظ کیلیے بین الاقوامی فورس قائم کی جائے۔ مقبوضہ بیت المقدس سفارتخانے منتقل کرنیوالے ممالک سے معاشی سرگرمیاں محدود کی جائیں۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ تمام ممالک غزہ میں تشدد کا معاملہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اُٹھانے کیلیے متحرک ہوں ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر رجب طیب اردگان نے کہا کہ غزہ اور القدس لاوارث نہیں، اقوام متحدہ غزہ میں قتل عام کی آزادانہ اور شفاف تحقیقات کرائے۔ ترک صدر نے کہا کہ معصوم انسانوں کےخون کا حساب ایک دن لازمی طورپر عدالت کے سامنے دینا ہو گا۔ مسئلے کی مذمت،ناراضگی کا اظہار اور چیخنے چلانے سے کچھ نہیں ہو گا، مسلمان اپنےحقوق خود حاصل نہیں کرینگے تو کوئی پلیٹ میں رکھ کرنہیں دے گا۔