Friday, April 26, 2024

فلسطین کا امریکا کے ساتھ سکیورٹی سمیت تمام رابطے منقطع کرنے کا اعلان

فلسطین کا امریکا کے ساتھ سکیورٹی سمیت تمام رابطے منقطع کرنے کا اعلان
February 2, 2020
رملہ (92 نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے گھناؤنے وار پر فلسطین نے مشرق وسطیٰ کے لیے امریکا کا امن منصوبہ مسترد کرتے ہوئے واشنگٹن اور اسرائیل سے سکیورٹی سمیت ہر قسم کے تعلقات ختم کردیئے۔ امریکی صدر ٹرمپ کی نام نہاد ’ ڈیل آف دی سنچری‘ کو فلسطین نے تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔ فلسطینی صدر محمود عباس نے امریکا اور اسرائیل کے ساتھ تمام تعلقات ختم کر دیے۔ فلسطین کے صدر نے اعلان قاہرہ میں عرب لیگ کے ایک روزہ ہنگامی اجلاس کے دوران کیا جبکہ عرب لیگ نے  بھی ڈونلد ٹرمپ کے منصوبے کی مخالفت میں فلسطینیوں کی حمایت کی۔ فلسطینی صدر نے کہا کہ انہوں نے فون پر ٹرمپ کے ساتھ اس منصوبے پر بات کرنے سے انکار کر دیا تھا اور منصوبے کے مطالعہ کے لیے اس کی کاپی وصول کرنے سے بھی انکار کیا۔ محمود عباس نے مزید کہا میں اپنی تاریخ میں یہ بات ریکارڈ نہیں کراؤں گا کہ میں نے یروشلم کو بیچ دیا۔ عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں کہا گیا ہے کہ یہ منصوبہ فلسطینیوں کی خواہشات پر پورا نہیں اترتا اور عرب لیگ اس منصوبے پر عمل درآمد میں امریکا کے ساتھ تعاون نہیں کرے گی۔ واضح رہے کہ منگل کے روز ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پیش کیے گئے مشرقِ وسطیٰ امن منصوبے میں ایک محدود فلسطینی ریاست اور مقبوضہ مغربی کنارے پر آباد بستیوں پر اسرائیلی خود مختاری تسلیم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔