Sunday, May 12, 2024

فلسطین میں قیام امن کے لیے آزاد ریاست کا قیام ناگزیر، شاہ محمود قریشی

فلسطین میں قیام امن کے لیے آزاد ریاست کا قیام ناگزیر، شاہ محمود قریشی
May 29, 2021

بغداد (92 نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے، پاکستان چاہتا ہے فلسطین میں دیرپا امن قائم ہو، قیام امن کے لیے آزاد ریاست کا قیام ناگزیر ہے۔

شاہ محمود نے عراقی ہم منصب فواد حسین کے ہمراہ نیوز کانفرنس میں کہا، پاکستان عراق کی جغرافیائی سالمیت اور خودمختاری کی حمایت کرتا ہے، دہشت گردی کے خلاف عراق کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کورونا وباء سمیت مختلف چیلنجز سے نبردآزما ہونے میں عراقی حکومت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا، پاکستان نے کورونا وباء کے دوران عراقی بھائیوں کیلئے امدادی سامان کے جہاز بھجوائے۔ ہمارا عراق کے ساتھ بین الاقوامی سطح پر دو طرفہ تعاون جاری ہے، ہم عراق کی فوڈ سکیورٹی کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔

اُنہوں نے کہا، تجارت، کامرس، زراعت، تعلیم، سکیورٹی، ٹریننگ، استعداد کار میں اضافے کے شعبوں میں تعاون کے امکانات پر بات ہوئی۔ افرادی قوت کی برآمد، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ میں دوطرفہ تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے دورے کی دعوت پر عراقی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا، مشترکہ وزارتی کمیشن کے نویں اجلاس کے جلد انعقاد پر بھی اتفاق کیا۔

مزید برآں وزیرخارجہ نے کاظمین میں حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔