Friday, April 19, 2024

فلسطین میں اسرائیل کے انسانیت سوز مظالم اور بے جا گرفتاریوں پر پاکستان کی شدید مذمت

فلسطین میں اسرائیل کے انسانیت سوز مظالم اور بے جا گرفتاریوں پر پاکستان کی شدید مذمت
April 26, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) فلسطین میں اسرائیل کے انسانیت سوز مظالم اور بے جا گرفتاریوں پر پاکستان نے شدید مذمت کی۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے مقبوضہ فلسطینی علاقے میں مسلمانوں کو ہراساں کرنے اور معصوم فلسطینیوں کی گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے آغاز سے اسرائیلی فورسز کے غیرقانونی اقدامات میں بہت زیادہ اضافہ ہوگیا ہے۔ فلسطین میں حالیہ واقعات پر پاکستان کو شدید تشویش ہے۔

زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا ہے کہ مقبوضہ فلسطینی علاقے میں صورتحال تشویشناک ہے۔ نماز کے لئے جانے والے معصوم فلسطینیوں کو حراساں اور گرفتار کیا جاتا ہے۔ رمضان المبارک کے آغاز سے غیرقانونی اقدامات میں بہت زیادہ اضافہ ہو گیا ہے۔ بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پابندیاں عائد کی جارہی ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے فلسطینیوں کے تحفظ کے لئے بین الاقوامی برادری سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کے حق خودارادیت کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ دیرپا اور منصفانہ حل کیلئے اقوام متحدہ اور او آئی سی کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق دو ریاستی حل ضروری ہے۔ 1967 سے پہلے کی سرحدات اور القدس الشریف فلسطینی ریاست کا دارالحکومت ہی قابل عمل حل ہے۔