Friday, May 17, 2024

فلاحی پلاٹوں پر چائنہ کٹنگ کا معاملہ ، ڈپٹی ڈائریکٹر کے ڈی اے کی ضمانت منسوخ

فلاحی پلاٹوں پر چائنہ کٹنگ کا معاملہ ، ڈپٹی ڈائریکٹر کے ڈی اے کی ضمانت منسوخ
January 26, 2019
 کراچی (92 نیوز) کراچی میں فلاحی پلاٹوں پر چائنہ کٹنگ کے معاملے میں سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے  ڈپٹی ڈائریکٹر کے ڈی اے کی درخواست ضمانت مسترد کر دی۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں فلاحی پلاٹوں پر  چائنہ کٹنگ کیس کی سماعت ہوئی ۔ سماعت آغاز میں عدالت میں ڈپٹی ڈائریکٹر کے ڈی اے عاطف نقوی کی درخواست ضمانت پیش کی گئی جسے عدالت نے مسترد کرتےہوئے نیب عدالت کو کیس کا فیصلہ 3 ماہ میں سنانے کا حکم دے دیا ۔ جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دئیے کہ انھوں نے جو کراچی کے ساتھ کیا یہ کسی رعایت کے مستحق  نہیں۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ کے ڈی اے افسران نے گلستان جوہر اسکیم 36 میں چائنہ کٹنگ کی اور فلاحی پلاٹوں کو فروخت کرکے وہاں گھر بنا ڈالے۔ عدالت نے کیس کے گواہان ساتھ نہ لانے اور ریفرنس سست روی کا شکار ہونے پر نیب پراسیکیوٹر پر بھی  برہمی کا اظہار کیا ۔ جسٹس گلزار احمد نے کہا نیب میں کیا ہو رہا ہے ہم سب دیکھ اور سن رہے ہیں  ، نیب ایک ہی دن تمام گواہوں کو عدالت میں پیش کرے۔