Tuesday, May 14, 2024

فلاحی تنظیموں، علاقہ مکینوں کا آغا رفیع اللہ کےخلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان

فلاحی تنظیموں، علاقہ مکینوں کا آغا رفیع اللہ کےخلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان
June 5, 2020
 کراچی (92 نیوز) کراچی کے ضلع ملیر میں مبینہ طور پر غیرقانونی تعمیرات اور جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی میں ملوث ایم این اے آغا رفیع اللہ خان کی مشکلات مزید بڑھ گئیں۔ فلاحی  تنظیموں اور علاقہ  مکینوں نے سپریم کورٹ آف پاکستان کا درواز ہ کھٹکھٹانے کا اعلان کر دیا ۔ کراچی میں ملیر ندی کے قریب پلاٹنگ ،کھیلوں کے میدان اور پارکس پر قبضوں کے خلاف علاقہ مکینوں اور مقامی فلاحی تنظیموں نے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹانے کا اعلان کر دیا جس کیلئے معروف قانون دان ارشد نواز خان نیازی کی خدمات بھی حاصل کر لی گئیں ۔ ایڈووکیٹ ارشد نواز خان نیازی نے انکشاف کیا کہ آغا رفیع اللہ خان کی مبینہ سرپرستی میں لینڈ مافیا کا  شیر پاؤ کالونی میں میدان پر بھی قبضہ ہے جس میں گاڑیوں کی پارکنگ، چوری شدہ ریتی کے ٹرالے اور غیر قانونی واٹر ہائیڈرنٹ بنا لیے گئے ہیں۔ ایڈووکیٹ ارشد نواز خان نے  بتایا کہ آغا رفیع اللہ مبینہ طور پر اپنے حلقے میں  سپریم کورٹ  کے تجاوزات ختم کرنے اور سرکاری اراضی رفاہی پلاٹ اور کھیلوں کے میدان واگزار کرانے کے احکامات کی تعمیل میں سب سے بڑی رکاوٹ بن  چکے ہیں۔ ارشد نواز خان نیازی کے مطابق ملیر ندی میں  جاری غیر تعمیرات اور پلاٹنگ میں پو لیس  کی صفوں میں موجود کالی بھیڑیں بھی شامل ہیں اور فی پلاٹ 20 ہزار روپے بھتہ وصول کر رہی ہیں۔