Friday, May 17, 2024

فضل الرحمن پے در پے شکستوں کا غم دور کرنے کیلئے بھاگ دوڑ کررہے ہیں، فردوس

فضل الرحمن پے در پے شکستوں کا غم دور کرنے کیلئے بھاگ دوڑ کررہے ہیں، فردوس
March 21, 2021

کراچی (92 نیوز) معاون خصوصی پنجاب فردوس عاشق اعوان کہتی ہیں کہ فضل الرحمن پے در پے شکستوں کا غم دور کرنے کے لیے بھاگ دوڑ کررہے ہیں۔

اتورا کے روز کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اُنہوں نے اپنے ردعمل میں کہا کہ، جعلی راجکماری کے سامنے حاضری ضرور دیں پہلے کورونا ویکسین لگوالیں۔ پی ڈی ایم کی سرکس کا ایک تھیٹر یہاں لگا ہوا ہے، شاہی خاندان کے نظریے کے ساتھ پیپلزپارٹی نے جو یاری لگائی تھی وہ ٹوٹ گئی ہے تڑک کر کے۔

اُن کا کہنا تھا، سندھ کے عوام کو 15 سال سے ماموں بنانے والوں نے پی ڈی ایم کو بھی ماموں بنادیا ہے، اب انکی سیاست آخری ہچکیاں لینے جا رہی ہے۔ جو ایٹم بم وفاقی حکومت پرچلنا تھا وہ پی ڈی ایم اور مولانا پر چل گیا۔

انہوں نے مزید کہا، سندھ میں انتقامی سیاست کی حقیقی جھلک حلیم عادل شیخ کی قید اور بے بنیاد مقدمات ہیں۔ پیپلزپارٹی اور پی ڈی ایم کا اصل نظریہ لوٹ کھسوٹ اور کرپٹ پریکٹسز ہیں۔ جمہوریت کا چورن بیچ کر یہ تیسری نسل تک آگئے ہیں۔ عمران خان کیخلاف بغلیں بجاتے بجاتے انہوں نے اپنے خلاف بگل بجا دیا، اگلے الیکشن میں سندھ پی ٹی آئی کا قلعہ بنے گا۔

ادھر فردوس عاشق اعوان نے جناح اسپتال کراچی جا کر حلیم عادل شیخ کی عیادت کی، اہل خانہ سے گھر جا کر اظہارِہمدردی کیا۔