Tuesday, April 16, 2024

فضل الرحمٰن نے آزادی مارچ کم از کم مزید چار دن جاری رکھنے کا عندیہ دے دیا

فضل الرحمٰن نے آزادی مارچ کم از کم مزید چار دن جاری رکھنے کا عندیہ دے دیا
November 6, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے آزادی مارچ کم از کم مزید چار دن جاری رکھنے کا عندیہ دے دیا۔ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا بارہ ربیع الاول کو آزادی مارچ کو سیرت النبی کانفرنس میں تبدیل کر دیں گے۔ شرکا سے خطاب میں مولانا فضل الرحمٰن نے کہا میرے لیے سب سے زیادہ تکلیف دہ مراحل وہ تھے جب رات کو بارش برس رہی تھی۔ آپ لوگ کھلے آسمان تلے استقامت کا پہاڑ بنے ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا آزادی مارچ کے شرکا نے رات اور دن بھر استقامت سے ٹھنڈی ہواؤں کو برداشت کیا ۔ وہ حکمرانوں کیلئے پیغام تھا کہ اجتماع تماش بینوں کے لیے نہیں۔ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا یکطرفہ احتساب نہیں چلے گا۔ اگلا بجٹ بھی موجودہ حکمرانوں نے پیش کیا تو پاکستان دیوالیہ ہو جائے گا۔ ہماری معیشت کا جہاز سمندر میں غرق ہو جائے گا۔ ہم ملک کو بچانے کے لیے آئے ہیں۔ پاکستان سوویت یونین کے مقابلے میں تگڑا ملک نہیں۔ سوویت یونین بہت بڑا ملک تھا لیکن 14 سالہ جدوجہد کے نتیجے میں وہ اپنا وجود قائم نہیں رکھ سکا۔ ہم انہیں مزید ایک دن بھی دینے کو تیار نہیں۔ جتنے دن ان کو ملیں گے وہ پاکستان کے لیے نقصان دہ ہو گا۔ مولانا فضل الرحمن بولے چار سو اداروں کو ختم کرنے کی بات کی گئی ہے۔ چار سو اداروں کے ساتھ ہزارہا لوگوں کے روزگار وابستہ ہیں۔ نوکری کی امید وابستہ نہ کی جائے تو پھر کیوں جھوٹ بولا کہ ہم ایک کروڑ نوکریاں دیں گے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا اس ملک کا بہت نقصان برداشت کر لیا۔ ملک مزید نقصان برداشت کرنے کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ ہم پاکستان میں ایسا جمہوری نظام چاہتے ہیں جو آئین پاکستان کا عکاس ہو۔ آج ہم پاکستانی قوم کے حق کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ قوم اپنے مطالبے سے پسپا ہونے کو تیار نہیں۔ صوبے اپنے حقوق مانگ رہے ہیں، اپنے وسائل پر اپنی ملکیت چاہتے ہیں۔ کسی کو یہ حق حاصل نہیں کسی صوبے کے عوام کو ان کے حق سے محروم کر سکے۔ یہ سفر جاری ہے اور استقامت کے ساتھ جاری رہے گا۔