Thursday, April 18, 2024

فضل الرحمٰن فساد کی اصل جڑ ہیں، شیخ رشید

فضل الرحمٰن فساد کی اصل جڑ ہیں، شیخ رشید
December 24, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کہتے ہیں کہ مولانا فضل الرحمٰن فساد کی اصل جڑ، اگر کوئی اسلام آباد آرہا ہے تو استقبال کیلئے تیار ہیں۔

جمعرات کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا انہوں نے سینٹ الیکشن سے پہلے اپوزیشن کے استعفے نہ آنے کی پیش گوئی کردی، کہا کہ پیپلزپارٹی بہتر کھیل رہی ہے، وزیر داخلہ نے ایم کیو ایم کے تحفظات دور کرانے کی یقین دہانی بھی کرادی۔

انہوں نے کہا کہ آج پاسپورٹ کےلیے تاریخی فیصلے کیے ہیں، وزیراعظم نے ہمیں 120 دن دیئے ہیں۔ غریب آدمی کے لیے کام کیا ہے، یکم تاریخ سے غریبوں کو 10 سال کے لیے پاسپورٹ جاری ہوگا۔ ای پاسپورٹ لانچ کرنے جارہے ہیں۔ یکم جنوری سے پوری دنیا کے لیے ای سروس شروع کررہے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ ای سی ایل اور بلیک لسٹ کم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ مجھے لگتا ہےوہ استعفے نہیں دیں گے، سینٹ الیکشن میں حصہ لیں گے۔ مجھے لگتا ہے پی ڈی ایم سینیٹ الیکشن میں حصہ لے گی جو مارچ میں ہونے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ فضل الرحمٰن سے درخواست ہے اس ملک کی سیاست پر رحم کریں، جمہوریت پر رحم کریں اور اپنے اوپر بھی رحم کریں۔