Thursday, April 18, 2024

فضل الرحمان کی چوہدری برادران سے ملاقات، آزادی مارچ پر تبادلہ خیال

فضل الرحمان کی چوہدری برادران سے ملاقات، آزادی مارچ پر تبادلہ خیال
October 19, 2019
لاہور (92 نیوز) جے یوآئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ق لیگ کے صدر چوہدری شجاعت اور چوہدری پرویز الٰہی سے اہم ملاقات ہوئی، آزادی مارچ سمیت سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جے یوآئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان چودھری برادران سے ملنے ان کی رہائش گاہ پہنچے، جہاں چودھری پرویز الٰہی اور صوبائی وزیر حافظ عمار یاسر نے ان کا استقبال کیا۔ مولانا فضل الرحمان نے چودھری شجاعت اورچودھری پرویز الٰہی سے ملاقات کی، اس موقع پر مسلم لیگ ق کے رہنماء طارق بشیرچیمہ، مونس الہٰی اور سالک حسین بھی موجود تھے جبکہ جے یو آئی ف کے وفد میں سینیٹر طلحہ محمود، مولانا عبدالغفور حیدری، مولانا امجد اور دیگررہنماء بھی شامل تھے۔ چودھری برادران نے مولانا فضل الرحمان کا موقف تفصیل سے سنا اورآزادی مارچ کے حوالے سے اپنا موقف اور اپنے خدشات بیان کیے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک کو آپ کی سیاسی بصیرت کی ضرورت پڑ گئی ہے،آپ جیسے لوگ ساتھ ہیں لیکن حکومت نے فائدہ نہیں اٹھایا۔ جے یوآئی ف کے سربراہ کا کہنا تھا کہ نااہل حکمرانوں نے معیشت،سیاست اورحکومت کا بیڑا غرق کر دیا، چودھری برادران سے ملاقات کے بعد مولانا فضل الرحمان واپس روانہ ہوگئے۔