Sunday, September 8, 2024

فضا سے شہر کو دیکھنے کے خواہشمندوں کیلئے ایئر سفاری سروس متعارف

فضا سے شہر کو دیکھنے کے خواہشمندوں کیلئے ایئر سفاری سروس متعارف
January 17, 2016
لاہور (92نیوز) پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایئر سفاری سروس شروع کر دی گئی ہے۔ شہری اپنے بچوں کے ہمراہ انتہائی کم خرچ پر لاہور اور دیگر شہروں کا فضائی دورہ کر سکیں گے۔ تفصیلات کے مطابق ہوا میں اڑنا انسان کا خواب تھا۔ اڑنے کا فن انسان خود تو سیکھ نہ پایا البتہ اڑنے کے لیے ہوائی جہاز ایجاد کرلیے۔ پاکستان میں پہلی مرتبہ ایک نجی کمپنی کے زیراہتمام لاہور فلائنگ کلب والٹن روڈ سے ایئر سفاری سروس شروع کر دی گئی ہے۔ اسی سلسلے کی پہلی پرواز کے ذریعے مقامی یونیورسٹی کے شعبہ ہوابازی کے طلبہ کو لاہور سے اسلام آباد، بھوربن اور پھر واپس لاہور تک کی مفت ہوائی سیر کرائی گئی۔ ایئر سفاری سروس کے تحت پچیس سو روپے سے پینتیس سو روپے فی کس ادائیگی کر کے شہری اور ان کے بچے لاہور فلائنگ کلب سے سیسنا طیاروں میں بیٹھ کر پچیس منٹ تک شہر کا فضائی معائنہ کر سکیں گے۔ جہازوں کی ایجاد سے انسانوں کا ہوا میں اڑنا ممکن ہوا اور ایئر سفاری کی سستی سروس کے ذریعے پاکستانیوں کو بھی ہوا میں اڑنے کا تجربہ حاصل کرنے کی سہولت حاصل ہو گئی ہے۔