Sunday, September 8, 2024

فرینکفرٹ: دہشت گردی کی منصوبہ بندی کا الزام، جرمن پولیس نے ترک جوڑے کو گرفتار کر لیا

فرینکفرٹ: دہشت گردی کی منصوبہ بندی کا الزام، جرمن پولیس نے ترک جوڑے کو گرفتار کر لیا
May 1, 2015
فرینکفرٹ (ویب ڈیسک) جرمن پولیس نے ایک جرمن ترک میاں بیوی کو گرفتار کر کے ان کے گھر سے پائپ بم اوردیگراسلحہ برآمد کر لیا ہے۔ جرمن حکام کے مطابق میاں بیوی دہشت گرد حملے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ حکام کے مطابق گرفتار جوڑے کی ایک ماہ سے نگرانی کی جا رہی تھی اور انہوں نے بھاری مقدار میں کیمیائی مواد بھی خریدا تھا جو دھماکہ خیزمواد بنانے میں استعمال ہوتا ہے۔ حکام کے مطابق انکی گرفتاری فرینکفرٹ سے عمل میں آئی جبکہ شوہر کے انتہاپسند سلفی مسلمانوں سے رابطے ہیں۔ فرینکفرٹ کے پبلک پراسیکیوٹر آفس کے سربراہ البرٹ شرائبر نے وائزبیڈن میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ پولیس یقینا ایک بڑا حملہ ناکام بنانے میں کامیاب ہوئی ہے۔ میاں بیوی کی گرفتاری کا فیصلہ ایشبورن اور فرینکفرٹ کے درمیان پروفیشنل سائیکل ریس کی وجہ سے کیا گیا تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ سائیکل ریس ممکنہ دہشت گردانہ حملے کا ہدف تھی یا نہیں۔ دوسری جانب منتظمین نے سائیکل ریس موخر کر دی ہے۔ گرفتار جوڑے کے گھر سے جی تھری گن اور کوش رائفل، نو ملی میٹر کی سو گولیاں، ہائیڈروجن پرآکسائیڈ، سپرٹ اور ڈیزل بھی برآمد ہوئے ہیں۔ پولیس کے مطابق یہ واضح نہیں کہ آیا وہ انفرادی طور پر دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے یا یا کسی سیل کا حصہ ہیں۔