Friday, April 26, 2024

فریال تالپور اور اویس مظفر کے بعد آصف زرداری، بلاول، بختاور، آصفہ اور رحمن ملک بھی ملک چھوڑ گئے

فریال تالپور اور اویس مظفر کے بعد آصف زرداری، بلاول، بختاور، آصفہ اور رحمن ملک بھی ملک چھوڑ گئے
June 25, 2015
کراچی (92نیوز) کراچی میں دہشت گردوں اور ان کے سیاسی سہولت کاروں کے خلاف جاری آپریشن کے دوران سندھ کے سب سے بڑے سیاسی خاندان کے کرتا دھرتاوں کا ایک کے بعد ایک خاموشی سے بیرون ملک چلے جانا وفاقی حکومت کی آپریشن میں سنجیدگی اور قومی اداروں کی واچ لسٹ پر کئی سوالات کو جنم دے رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی آپریشن، کشتیوں میں سونے اور اربوں روپے کی اسمگلنگ، بیرون ملک اثاثے بنانے کی سنسنی خیز خبروں کے بعد ایسا محسوس ہوا کہ سندھ میں خوف و دہشت کے پروانوں کے پر اب کٹنے کو ہیں یا پھر دہشت اور کرپشن کے متوالوں کے قصے اب پٹنے کو ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سندھ میں دہشت اور کرپشن کے منصوبہ سازوں کے خلاف گھیرا تنگ کیا تو سندھ کے سب سے بڑے سیاسی خاندان نے بوریا بستر باندھ لیا۔ سب سے پہلے پھسلے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کے منہ بولے بھائی اویس مظفر۔ انہیں ایئرپورٹ پر حساس اداروں کی طویل پوچھ گچھ کا سامنا کرنا پڑا۔ اویس مظفربھائی کو بھائی کی میت لے کرواپس آنے کی یقین دہانی پر جانے کی اجازت ملی مگر حیرت کی بات یہ ہے کہ آصف زرداری سمیت پیپلز پارٹی کے کسی رہنما نے اویس مظفر سے تعزیت کے دو لفظ تک نہ کہے۔ اگلے ہی روز سندھ کی بااثر ترین خاتون فریال تالپور، وزیرداخلہ سندھ سہیل انور سیال کی چھتر چھایہ میں خاموشی سے دبئی چلی گئیں۔ بدھ کی رات پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری اپنی بہن بختاور کے ہمراہ ایک معروف شخصیت کے نجی طیارے پر دبئی روانہ ہوچکے ہیں۔ ان سے قبل فوج کی اعلیٰ قیادت پر برسنے والے آصف زرداری بھی صاحبزادی آصفہ بھٹو کے ہمراہ دبئی سدھار چکے ہیں۔ ان کے ہمراہ ان کے دست راست رحمان ملک بھی تھے۔ ذرائع کے مطابق سندھ کے طاقتورترین خاندان کا اکٹھ امریکہ میں ہوگا جہاں ان کا پڑاو¿ حالات موافق ہونے تک طویل ہوسکتا ہے۔