Sunday, September 8, 2024

فرنٹیئرکانسٹیبلری کے جوانوں نے جان کا نذرانہ پیش کرکے وطن عزیز کو امن دیا: احسن اقبال

فرنٹیئرکانسٹیبلری کے جوانوں نے جان کا نذرانہ پیش کرکے وطن عزیز کو امن دیا: احسن اقبال
September 20, 2017

چارسدہ (92 نیوز) وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ فرنٹیئر کانسٹیبلری کے جوانوں کے چہرے پرملک کی حفاظت کےلئے چمک دیکھ کرلگتا ہے کوئی اس ملک کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔ جانوں کا نذرانہ دینے والی پاکستانی سیکیورٹی فورسزکو دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔

فرنٹیئرکانسٹبلری ٹریننگ سنٹر شبقدرمیں پاسنگ آئوٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دیگرسیکیورٹی فورسز کی طرح فرنٹیئرکانسٹیبلری کے جوانوں نے جان کا نذرانہ پیش کرکے وطن عزیز کو امن دیا۔

چارسدہ کے شبقدر قلعہ ٹریننگ سنٹرمیں امن دشمنوں سے نمٹنے کی نو ماہ کی تربیت مکمل کرنے والے نو سو چھبیس جوانوں کی پاسنگ آئوٹ پریڈ ہوئی۔ مہمان خصوصی وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے پریڈ کا معائنہ کیا۔

ایف سی کے جوانوں نے دہشت گردوں سے نمٹنے کی پیشہ ورانہ تربیت کا عملی مظاہرہ کیا۔

دوران تربیت نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے جوانوں کا انعامات دیئے گئے۔ وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ ایف سی کے جوانوں کے چہروں پرچمک دیکھ کر لگتا ہےاس ملک کا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔

پاسنگ آئوٹ پریڈ سے خطاب میں کمانڈنٹ ایف سی لیاقت خان نے فرنٹیرکانسٹیبلری کی تاریخ اورکارکردگی پر روشنی ڈالی۔