Saturday, May 18, 2024

ننھی فرشتہ کا زیادتی کے بعد قتل ، شوبز شخصیات اور کھلاڑی بھی میدان میں آگئے

ننھی فرشتہ کا زیادتی کے بعد قتل ، شوبز شخصیات اور کھلاڑی بھی میدان میں آگئے
May 23, 2019
کراچی ( 92 نیوز) اسلام آباد میں زیادتی کے بعد قتل ہونے والی فرشتہ نے پوری قوم کو جھنجھوڑ دیا، کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اداکارہ  زیبا بختیار ، ماہرہ خان گلوکار شہزاد رائے اور سابق ٹیسٹ کرکٹر یونس خان نے فرشتہ کیس سانحہ قرار دیدیا۔ اداکارہ زیبا بختیار نے کہا کہ سب کو عزت پیاری ہوتی ہے، یہی وجہ ہے کہ زیادہ تر لوگ زیادتی کے واقعات رپورٹ نہیں کرتے،  ہمیشہ کہا جاتا ہے کہ پاکستان میں رہ کر ایسی باتیں نہ کی جائیں،  پاکستان کے اضلاع میں بھی بچوں کی زیادتی کیخلاف کام نہیں ہورہا،والدین کو بچوں سے بات کرنی چاہیے۔ اداکارہ  ماہرہ خان نے کہا کہ ہمارے بچے ہمارا مستقبل ہیں مگرہم اس معاملے کو اہمیت دے ہی نہیں رہے، ہر روز 10 بچے زیادتی کا شکار ہوتے ہیں، اس موضوع پر بات کرتے ہوئے ہمیں شرم آتی ہے،  ہمیں اب ایک ہوکر زیادتی کیخلاف آواز اٹھانی ہوگی۔ ماہرہ خان کا کہنا تھا اکثر زیادتی کے اکثر واقعات گھروں میں رونما ہوتے ہیں،  بچوں کو بولنے کا موقع دیا جائے، چپ کروانا زیادتی ہے، پولیس اور تمام تر اداروں کو اپنا کام ایمانداری اور تیزی سے کرنا چاہیے۔ گلوکار شہزاد رائے نے کہا کہ فرشتہ کیس سانحہ ہے ، ملک میں کیوں چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کام نہیں کررہے، بچوں کے حوالے سے سندھ کے سلیبس کو دوسرے صوبوں کے نصاب کا بھی حصہ بنایا جائے،ان تمام چیزوں کیلئے پولیس کو تربیت نہیں دی جارہی۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر یونس خان نے کہا کہ  پشتو میں گزارش کرتا ہوں کہ بچوں کے ساتھ زیادتی کیخلاف آواز اٹھائی جائے، ، ایک دوسرے کا ساتھ دینے کا وقت آگیا، جس پاکستان کا خواب دیکھا تھا وہ پورا کر کے رہیں گے۔