Wednesday, April 24, 2024

فرسٹ سیکرٹری جہانزیب خان نے بھارت بارے ناقابل تردید حقائق دنیا کے سامنے رکھ دیئے

فرسٹ سیکرٹری جہانزیب خان نے بھارت بارے ناقابل تردید حقائق دنیا کے سامنے رکھ دیئے
October 16, 2020
 نیو یارک (92 نیوز) پاکستان نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی پہلی کمیٹی میں بھارتی ہرزہ سرائی کا کرارا جواب دے دیا۔ فرسٹ سیکرٹری جہانزیب خان نے بھارت بارے ناقابل تردید حقائق دنیا کے سامنے رکھ دیئے۔ فرسٹ سیکرٹری جہانزیب خان نے کہا بھارت میں انتہا پسند نظریہ، جارحانہ عقائد اور بالا دست سوچ زہر کی مانند پھیل چکا۔ بھارتی طرز عمل علاقائی و عالمی امن کیلئے خطرہ ہے۔ بھارت جموں و کشمیر پر ناجائز قابض ، کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔ ہندوستان ہر صورت روایتی اور تذویراتی فوجی تسلط چاہتا ہے۔ بھارت اپنے تمام پڑوسیوں کے خلاف جارحیت کی پوری تاریخ رکھتا ہے۔ ہندوستان تنازعات کے حل، اعتماد سازی یا ثالثی سے بھاگ رہا ہے۔ ہندوستان نے اقوام متحدہ سلامتی کونسل قراردادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی۔ جہانزیب خان نے کہا بھارتی متشدد بیانات اور جارحانہ عزائم نے علاقائی سلامتی کو مزید پیچیدہ بنا دیا۔ ہندوستان کے 70 فیصد سے زائد جارحانہ عزائم پاکستان مخالف ہیں۔ ہندوستانی قیادت کی مسلسل پاکستان مخالف غیر ذمہ دارانہ بیان بازی خطرناک ذہنیت کی عکاس ہے۔ ہندوستانی قیادت جوہری ہتھیاروں کے استعمال کی دھمکیاں دے رہی ہے۔ جہانزیب خان کا کہنا تھا غیر ذمہ دارانہ طرز عمل کے عالمی و علاقائی امن و سلامتی پر گہرے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ عالمی برادری اور تخفیف اسلحہ ادارے خطرناک پالیسیوں، نظریات کا احاطہ کریں۔ ہندوستانی سوچ اور اقدامات علاقائی و عالمی امن و سلامتی کیلئے خطرہ ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ انگ نہیں، عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کا حتمی فیصلہ اقوام متحدہ قراردادوں تلے کشمیریوں کا حق ہے۔ ہندوستان جوہری مواد میں کمی کیلئے معاہدے ایف ایم سی ٹی بارے حقائق کے منافی بات کر رہا ہے۔ ایف ایم سی ٹی پر پاکستانی مؤقف قومی سلامتی مفادات کی رہنمائی کرتا ہے۔ پاکستان تعمیری سوچ کیساتھ تمام متاثرہ ممالک کے خدشات دور کرنے کا قائل ہے۔ پاکستان نے متعدد تجاویز دیں، جنہیں بارہا بھارت نے مسترد کیا۔