Sunday, May 12, 2024

فردوس عاشق اعوان کے خلاف دائر توہین عدالت کی ایک اور درخواست سماعت کے لیے مقرر

فردوس عاشق اعوان کے خلاف دائر توہین عدالت کی ایک اور درخواست سماعت کے لیے مقرر
November 16, 2019
 اسلام آباد(92 نیوز) معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کے خلاف دائر توہین عدالت کی ایک اور درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی۔ معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کی مشکلات بڑھ گئیں۔ ایکس لوڈ پر عملدرآمد سے متعلق ٹویٹ کرنے پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی نئی درخواست آگئی۔ درخواست گزار نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ عدالت نے ایکسل لوڈ پر عمل درآمد معطل کرنے کے وزارت مواصلات کے نوٹیفکیشن پر حکم امتناع جاری کرتے ہوئے ایکسل لوڈ کے قانون پرمکمل عمل درآمد کی ہدایت کی۔ فردوس عاشق اعوان نے ٹویٹ میں کہا کہ وزیراعظم نے ایم نائن موٹروے پر ایکسل لوڈ پر عمل درآمد روک دیا۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ فردوس عاشق اعوان کی ٹویٹ عدالتی حکم کی صریحا خلاف ورزی ہے۔ عدالت کی حکم عدولی کرنے پر فردوس عاشق اعوان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے۔ درخواست گزار کا کہنا ہے کہ عدالت نے نیشنل ہائی وے آرڈیننس 2000 کے تحت اوور لوڈنگ پر مکمل پابندی کے حکم پر عمل کی ہدایت کی۔ قانون کے مطابق فی ایکسل وزن پر عملدرآمد کرکے سڑکوں کی حفاظت کی جا سکتی ہے۔ صنعت کار کی کم کرائے میں زیادہ وزن کی ٹرانسپورٹیشن سے سڑکیں متاثر ہوتی ہیں۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب آئندہ ہفتے درخواست کی سماعت کریں گے۔ فردوس عاشق اعوان کے خلاف نوازشریف کی ضمانت سے متعلق بیان پر پہلے ہی توہین عدالت کیس کا فیصلہ محفوظ ہے۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ 25 نومبر کو فیصلہ سنائیں گے۔