Wednesday, May 8, 2024

فردوس عاشق اعوان نے چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو سیاسی ایڈونچر قرار دے دیا

فردوس عاشق اعوان نے چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو سیاسی ایڈونچر قرار دے دیا
July 11, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو سیاسی ایڈونچر قرار دے دیا۔ فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا سینیٹ وفاق کی علامت ہے لیکن سینیٹ سیاسی ایڈونچر کا شکار ہو چکا ہے۔ کچھ لوگ چاہتے ہیں کہ سینیٹ ان کی تابع ہونی چاہئے ۔ انہی لوگوں نے سینیٹ کو دل پشوری کیلئے چنا ہے۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا حکومت کبھی بھی تصادم نہیں چاہتی۔ سیاسی بارہویں کھلاڑی پارلیمنٹ سے باہر بیٹھ کر ڈکٹیٹ کرناچاہتی ہے۔ سیاسی نادان دوستوں کو باور کرانا ہے کہ اداروں پر لشکر کشی نہ کریں۔ انہوں نے کہا چاہتے ہیں آزاد اراکین اپنی آزادانہ رائے میں معاون ثابت ہوں۔ فردوس عاشق اعوان بولیں ہم نے اداروں کی اصلاحات کی جانب جانا ہے۔ جہاں اصلاحات کی بات ہو وہاں مسائل ہوتے ہیں۔ آج قومی ہیروز ہم سے پوچھ رہے ہیں کہ ستر سال میں اس ملک کے ساتھ کیا کیا گیا۔ عمران خان حلقے کی سیاست کو نہیں دیکھ رہا بلکہ نسل کی بقا کی جنگ لڑ رہا۔ وزیر اعظم عمران خان کا وژن ہے کہ سیاسی مفاد پر ملکی مفاد کو ترجیح دو ۔ ان کا کہنا تھا سیاسی اداکاروں نے سوچی سمجھی سازش کے تحت اداروں کو کمزور کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے آتے ہی اصلاحاتی ایجنڈے کو ترجیح دی۔ فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا وزیراعظم کا دورہ امریکا بلیو پاسپورٹ کی عزت و توقیر میں اضافہ کرنے جارہا ہے۔ دورہ امریکا پر اپوزیشن کے ارمانوں پر اوس پڑ چکی ہے۔ پاکستان کے کسی وزیراعظم کو اتنی پذیرائی نہیں ملی۔ ان کا کہنا تھا دنیا تسلیم کر رہی ہے کہ پاکستان خطے کے امن میں اہم شراکت دار ہے۔ پاکستان دنیا میں اہم ملک کی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔