Friday, April 26, 2024

فردوس عاشق اعوان نے بجلی کی قیمت میں اضافے کو کڑوی گولیاں قرار دے دیا

فردوس عاشق اعوان نے بجلی کی قیمت میں اضافے کو کڑوی گولیاں قرار دے دیا
June 13, 2019
 اسلام اباد (92 نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے بجلی کی قیمت میں اضافے کو کڑوی گولیاں قرار دے دیا اور کہا یہ کڑوی گولیاں ملکی معیشت کی بحالی کے لئے ہیں انہیں  نگلنے سے عوام ہر چیز سے نجات پا لیں گے۔ فردوس عاشق اعوان نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ن لیگی قیادت کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا تین بار کا وزیراعظم بد ترین کرپشن میں ملوث رہا ۔ نواز شریف کے بیٹے فخر سے پاکستان سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہیں ۔ مریم نواز پر بھی تنقید کے نشتر چلائے ۔ کہتی ہیں کل ایک راج کماری نے کنیزوں کے جھرمٹ میں بہت باتیں کیں ۔ راج کماری کی باتوں میں غرور اور تکبر جھلک رہا تھا ۔ فردوس عاشق اعوان نے وارننگ دیتے ہوئے کہا مریم نواز اپنی اوقات اور قد میں رہیں۔  مریم نواز نے زبان ٹھیک نہ کی تو ان کے پاس کہنے کو بہت کچھ ہے۔ لب و لہجے میں تکبر ظاہر کر رہا تھا کہ شریف خاندان نے نشانِ عبرت بن کر بھی سبق نہیں سیکھا۔ انہوں نے مزید کہا حکومت انکوائری کمیشن کے سربراہ کا اعلان آئندہ ہفتے کر دے گی۔ ہر پبلک آفس ہولڈر کو حساب دینا ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے بتایا پنجاب کے بجٹ میں زراعت کے شعبے کے حوالے سے فریقین کو اعتماد میں لیا گیا ۔ ایک ارب کا بجٹ بارہ ارب پر لے گئے ہیں ۔ وفاق کے کردار کے بغیر زراعت میں انقلابی تبدیلیاں نہیں آ سکیں گی ۔ ان کا کہنا تھا حکومت کاشتکار کا بوجھ اپنے اوپر لے گی ۔ وفاقی وزیر خوراک محبوب سلطان نے کہا چائنہ سے دو ایم او یوز پر دستخط ہوئے ۔ زندہ جانوروں کی ایکسپورٹ پر پابندی لگا دی ہے ۔ کہتے ہیں ماضی کی حکومتوں نے ملک کے بجائے اپنے بارے میں سوچا ۔ اس موقع پر چیئرمین کسان اتحاد خالد کھوکھر نے کہا پہلی حکومت ہے جس نے زراعت پر کوئی جی ایس ٹی نہیں لگایا ۔ مراعات دی جائیں تو دنیا کا مقابلہ کر سکتے ہیں ۔