Saturday, April 20, 2024

فراڈ کا انوکھا کیس، کراچی میں نجی بینک کے برانچ منیجر نے بینک کو لوٹ لیا

فراڈ کا انوکھا کیس، کراچی میں نجی بینک کے برانچ منیجر نے بینک کو لوٹ لیا
August 6, 2021 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) کراچی میں بینک فراڈ کا انوکھا کیس سامنے آگیا، نجی بینک کے برانچ منیجر نے عملے کی ملی بھگت سے اپنے ہی بینک کو منظم طریقے سے لوٹ لیا۔ پولیس نے برانچ مینجر اور خاتون سمیت 8 افراد کو گرفتار کرلیا۔

بینک لاکرز میں سونا یا قیمتی سامان محفوظ یا غیر محفوظ شہری ششو پنج میں مبتلا ہوگئے؟، کراچی کی تاریخ میں بینک فراڈ کا انوکھا واقعہ
سامنے گیا، نجی بینک کی گلشن اقبال اور گلستان جوہر برانچ کے عملے نے ملی بھگت سے منظم واردات کرتے ہوئے لاکرز میں رکھے شہریوں
کے اصل زیورات کو جعلی سے بدل دیا۔

پولیس حکام کے مطابق انوکھے بینک فراڈ کا سلسلے میں نجی بینک کی گلستان جوہر برانچ کے بعد گلشن برانچ کا آڈٹ کیا گیا ہے، جس میں بڑے فراڈ کا انکشاف ہوا، جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گلشن
اور گلستان جوہر کے بینک برانچ منیجرز سمیت آٹھ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

خبر ہے بینک عملے نے جعلی کسٹمر بنا کر 2 کروڑ 40 لاکھ روپے قرضہ لیا، اور قرضے کے ساتھ ساتھ بینک عملہ اصلی سونے کو نقلی سونے سے بھی بدلتا رہا، تحقیقات کی گئیں تو گلستان جوہر میں بینک کی نجی برانچ کے لاکرز میں 55 کروڑ کا سونا نقلی نکلا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گلستان جوہر برانچ میں شہریوں نے سونا رکھوا کر قرضہ حاصل کیا تھا، لیکن بینک عملے نے 150 سے زائد بیگز سے سونے کو تبدیل کر لیا، نجی بینک کی گلشن برانچ کے عملے نے بھی جعل سازی کی اور بینک کا سونا تو بدلا ہی، جعلی صارف بنا کر کروڑوں کے قرضے بھی دیئے۔

ملزمان کی نشاندہی پر پولیس نے چھاپا مار کر 3 کروڑ سے زائد مالیت کا سونا بھی برآمد کر لیا عملے کے جن افراد کے خلاف مقدمات درج ہوئے ہیں ان میں 5 منیجر آپریشنل، ریلیشن شپ منیجر، کاؤنٹر سروس منیجر، گولڈ فنانس ایگزیکٹو اور جعلی کسٹمرز شامل ہیں۔