Sunday, September 8, 2024

فرانسیسی گستاخ جریدے چارلی ہیبڈو نے ایلان کردی کے بھی خاکے شائع کر دیے

فرانسیسی گستاخ جریدے چارلی ہیبڈو نے ایلان کردی کے بھی خاکے شائع کر دیے
January 18, 2016
پیرس (ویب ڈیسک) فرانسیسی گستاخ جریدے چارلی ہیبڈو نے شر انگیزی پھیلانے کا سلسلہ ترک نہ کیا۔ ترکی کے ساحل پر کچھ عرصہ قبل ڈوب کر جاں بحق ہونے والے ننھے ایلان کردی کے خلاف بھی خاکے شائع کر دیے جس پر دنیا بھر میں اس بدترین جریدے کے خلاف آوازیں اٹھنا شروع ہو گئیں۔ اردن کی ملکہ رانیہ نے جوابی خاکہ جاری کر کے شرانگیز میگزین کو کورا جواب دے ڈالا۔ تفصیلات کے مطابق فرانسیسی گستاخ جریدے نے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا سلسلہ ترک نہ کیا۔ اب معصوم پھول پر بھی حملہ کر دیا۔ چارلی ہیبڈو نے ترکی کے ساحل پر ڈوب کر جاں بحق ہونے والے تین سالہ شامی بچے ایلان کے خاکے شائع کر دیے۔ شرمناک خاکے میں ایلان کو ایک عورت کے پیچھے بھاگتے دکھایا گیا ہے ساتھ ہی عبارت درج ہے کہ ایلان بڑا ہو کر جرمنی میں خواتین پر حملے کرتا۔ انسانیت کا سبق بھولے جریدے کے خلاف دنیا بھر میں آوازیں بلند ہونا شروع ہو گئیں۔ اردن کی ملکہ رانیہ نے بھی چارلی ہیبڈو کے کارٹون کے خلاف بطور احتجاج ایک کارٹون شیئر کیا جس میں دکھایا گیا ہے کہ ایلان کردی تعلیم مکمل کرنے کے بعد بڑا ہو کر ڈاکٹر بن گیا ہے۔ ملکہ رانیہ نے کارٹون کے ساتھ تحریر کیا ہے کہ ایلان کردی بڑا ہو کرڈاکٹر، استاد یا محبت کرنے والا والد ہو سکتا تھا۔ العربیہ کی ایک رپورٹ کے مطابق ایلان کردی کے کینیڈا میں مقیم خاندان نے بھی اس کارٹون کی شدید مذمت کی ہے۔